پی آئی اے نے فلائٹ میں زائد گنجائش والی سیٹیں متعارف کروا دیں

 
0
262

کراچی اکتوبر 29 (ٹی این ایس): پاکستان کی قومی ائیرلائن پی آئی اے نے فلائٹ میں زائد گنجائش والی سیٹیں متعارف کروا دی ہیں۔پی آئی اے کی انتظامیہ نے طیاروں میں جگہ کی کمی اور نشستوں کی تنگی سے ہونے والی مسافروں کی پریشانی کا حل تلاش کرلیا ہے، انتظامیہ نے سفری سہولیات میں بہتری لاتے ہوئے آرام دہ سفرکی خاطر نیا اقدام کیا ہے۔ دوران پرواز مسافر اب زائد گنجائش والی نشست حاصل کر سکیں گے، اس سہولت کے لیے مسافروں کو اضافی فیس ادا کرنا ہوگی۔
اضافی رقم دوران پرواز فضائی میزبان وصول کریں گے اور فیس ادائیگی کے عوض مسافر کو زائد گنجائش والی سیٹ الاٹ کردی جائے گی۔زائد گنجائش والی نشستوں پر اطلاع نامے آویزاں کیئے جائیں گے، اندرون ملک 2 ہزار اور گلف سیکٹرز پر 3 ہزار روپے فی نشست ادائیگی کرنا ہوگی۔یہ نشستیں بورڈنگ مکمل ہونے کے بعد دستیابی کی صورت میں حاصل کی جاسکیں گی۔ اس اقدام کا مقصد جہاں مسافروں کے لیے اضافہ جگہ کی سہولت مہیا کرنا ہے وہیں خسارے میں ڈوبی قومی ایئر لائن کو ریونیو اکٹھا کرکے مالی مسائل سے نکالنے میں معاونت کرنا بھی ہے۔