سی ڈی اے نے اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں قبرستان کی سہولت دینے کے لیے 105.5 ایکڑ پر محیط چار جگہیں مختص کر دی

 
0
361

اسلام آباد اکتوبر 31 (ٹی این ایس): سی ڈی اے نے اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں قبرستان کی سہولت دینے کے لیے 105.5 ایکڑ پر محیط چار جگہیں مختص کر دی ہیں۔ دیہی علاقوں میں تدفین کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے یہ قبرستان ہمک ماڈل ٹاؤن، نیشنل پارک ایریاء، علی پور فراش اور لکھوال کے علاقوں میں بنائے جائیں گے۔ سی ڈی اے کی طرف سے اٹھائے گئے ان اقدام سے دیہی علاقوں کے مکینوں کی ان مشکلات جو انہیں اپنے پیاروں کی تدفین میں درپیش تھیں کا سد باب کرنے میں مدد ملے گی۔
دیہی علاقوں کی آبادی روز بروز بڑھ رہی ہے جس کے باعث خاص کر نئے آباد ہونے والے لوگوں کو قبرستان کی سہولت نہ ہونے کے باعث اپنے پیاروں کی تدفین کے وقت مشکلات کا سامنا کرنا پٹرتا تھا۔ اگرچہ ان علاقوں میں کچھ چھوٹے قدیمی قبرستان موجود تھے مگر ان علاقوں میں تدفین کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے یہ ناکافی تھے جس کے نتیجے میں لوگوں کو اپنے پیاروں کی تدفین کے لیے اپنے آبائی علاقوں کا رخ کرنا پٹرتا تھا۔
اس مسئلے کو مستقل طور پر حل کرنے کے لیے سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے پلاننگ ونگ کو ہدایت کی کہ وہ ایک ایسا پلان ترتیب دیں جس سے پورے دیہی علاقوں میں تدفین کے لیے قبرستان کی سہولت دی جا سکے۔ اس ضمن میں ایک جامع ایکسرسائز کے بعد چار مختلف جگہوں کا انتخاب کیا گیا جس کو منظوری کے لیے سی ڈی اے بورڈ میں بھیجا گیا اور سی ڈی اے بورڈ نے گذشتہ ماہ ہونے والے اجلاس کے دوران منظور کر لیا۔ قبرستانوں کے لیے جن جگہوں کو مختص کیا گیا ہے ان میں 100 کنال بھارہ کہو، 342 کنال کری، 50 کنال ہمک،90 کنال علی پور فراش اور 258کنال موضع لکھوال میں مختص کیا گیا ہے۔ ان قبرستانوں کو اسلام آباد کی سیکٹورل ایریاء میں موجود میونسپل قبرستانوں کی طرز پر ڈویلپ کیا جائے گا۔