سعودی فوڈ ایکسپو میں پاکستانی کمپنیاں ایک بار پھردُھوم مچانے کو تیار

 
0
440

جدہ نومبر 07 (ٹی این ایس): جدہ میں جاری بین الاقوامی نمائش سینٹر کے تحت ساتواں فوڈ ایکسپو کا افتتاح 11 نومبر کو ہونے جا رہا ہے۔ اس چار روزہ نمائش میں پاکستان کی معروف فوڈ کمپنیاں بھی شرکت کر رہی ہیں۔ فوڈ ایکس سعودی میں دُنیا بھر سے 51 ممالک کی کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں، جن میں 11 پاکستانی کمپنیاں بھی شامل ہیں۔ پاکستانی قونصل خانے کے مطابق نمائش کے حوالے سے پاکستانی پویلین کے لیے تمام انتظامات تکمیل کو پہنچ چکے ہیں۔
پویلین کی افتتاحی تقریب کے موقع پر قونصل جنرل خالد مجید اور دیگر قونصل عہدے دار بھی موجود ہوں گے۔ اس نمائش میں شرکت کرنے والی 6 پاکستانی کمپنیاں چاولوں کی تجارت سے منسلک ہیں۔ جبکہ باقی کمپنیاں مسالہ جات اور دیگر غذائی مصنوعات سے متعلق ہیں۔ فوڈ ایکس سعودی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس چار روزہ نمائش میں دُنیا بھر کے معروف صنعت کار اپنی پراڈکٹس کی نمائش کریں گے جس کا مقصد اپنی اعلیٰ مصنوعات کو سعودی عرب میں متعارف کرا کے ان کے لیے مقامی منڈی میں رسائی حاصل کرنا ہے۔
کیونکہ سعودی عرب غذائی اعتبار سے ایک بڑی منڈی ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں چاول کی مانگ سب سے زیادہ ہے۔ کیونکہ یہاں پر ہر سال لاکھوں کی تعداد میں غیر مُلکی آتے ہیں ، جن میں خصوصاً جنوبی ایشیائی باشندوں کی مرغوب ترین غذا چاول سے بنائی جانے والی مختلف ڈشز ہیں۔ گزشتہ سال بھی سعودی فوڈ ایکسپو کے موقع پر پاکستانی غذائی کمپنیوں کی مصنوعات کو بہت زیادہ سراہا گیا تھا اور مقامی تاجروں کی جانب سے گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان سے بڑی گنتی میں غذائی اجناس منگوائی گئیں، جن کے باعث پاکستانی زرِ مبادلہ میں نمایاں اضافہ دیکھنے کو آیا۔