ڈینگی کی روک تھام کو مزید مؤثر بنانے کیلئے کمیٹیوں کی تشکیل نو اور ایس او پیز پر نظرثانی کا فیصلہ

 
0
364

لاہور نومبر 12 (ٹی این ایس): صوبہ میں ڈینگی کی موجودہ صورتحال اور ماضی کے تجربات کی روشنی میں ڈینگی کی روک تھام اور مقامی سطح پر مانیٹرنگ اینڈ امپلیمنٹیشن کو مزید مؤثر بنانے کیلئے مختلف کمیٹیوں کی تشکیل نو اور ایس او پیز پر نظرثانی کا فیصلہ کیاگیا ہے جس کیلئے سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیپٹن (ر) محمد عثمان نے ایک کور کمیٹی تشکیل دی ہے جو اپنی رپورٹ 25نومبر تک پیش کرے گی۔
یہ بات ڈین انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ اور کور کمیٹی کی کنوینر پروفیسر ڈاکٹر زرفشاںطاہر نے آئی پی ایچ میں مذکورہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد بتائی۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر عاصم الطاف ، عالمی ادارہ صحت پنجاب کے ڈاکٹر جمشید احمد، ڈینگی ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ کے ماہرین، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے نمائندوں، سینئر اینٹامالوجسٹ آصف محمود، ایپی ڈمیالوجسٹ ڈاکٹر انجم رزاق اور دیگر نے شرکت کی۔
ڈاکٹر زرفشاں طاہر نے بتایاکہ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کی ہدایت پر تشکیل دی گئی کمیٹی پراونشل مانیٹرنگ اینڈ امپلیمنٹیشن کمیٹی سے لے کر ضلع اور ٹائون کی سطح تک پہلے سے کام کر رہی کمیٹیوں کی تشکیل نو، ذمہ داریوں کا تعین اور فیلڈ میں ڈینگی کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات اور ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے علاج کی سہولیات کا بھی جائزہ لے گی اور فیلڈ ورک کرنے والی ورکرز کی ٹیموں کیلئے یکساں معیار مقرر کرکے چیک لسٹ بھی بنائے گی تاکہ لوکل سطح پر ڈینگی مچھر کی افزائش کو کنٹرول کرکے بیماری پر قابو پایاجاسکے۔