راولپنڈی پولیس کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری، دوہرے قتل اور اقدام قتل کے مشہور زمانہ مقدمہ کے 2خطرناک اشتہاری ملزمان گرفتار

 
0
379

راولپنڈی نومبر 15 (ٹی این ایس): راولپنڈی پولیس کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری، دوہرے قتل اور اقدام قتل کے مشہور زمانہ مقدمہ کے 2خطرناک اشتہاری ملزمان گرفتار کر لئے گئے،ملزمان نے2014میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر وکیل سمیت2 افراد کو قتل جبکہ ایک شخص کو شدید زخمی کر دیا تھا،اشتہاری ملزمان کی گرفتاری پر راولپنڈی بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری شہزاد میر کا پولیس کی کارکردگی پر اظہار اطمینان،تفصیلات کے مطابق سول لائن پولیس نے گزشتہ روز دو ایسے خطرناک اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا جو عرصہ دراز سے قانون کے لئے چیلنج اور معاشرے کے لئے خوف و ہراس کی علامت بنے ہوئے تھے،ایس پی پوٹھوہار سید علی نے اے ایس پی سول لائن بینش فاطمہ کے ہمراہ سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 2014میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر ہونے والی فائرنگ سے ایک قانون دان سردار امیر ایڈووکیٹ اور مدثر عرف ببرا قتل جبکہ عباس خان شدید زخمی ہو گیا،ابتدائی طور پر وقوعہ کا مقدمہ قتل کی دفعہ کے علاوہ انسداد دہشت گردی کی دفعہ 7اے ٹی اے کے تحت درج ہوا،جس میں ملزمان رزاق اور طفیل روپوش ہو گئے جنہیں اشتہاری قرار دے دیا گیا،ان ملزمان کی عدم گرفتاری قانون کے لئے ایک چیلنج اور معاشرے کے لئے خوف و ہراس کی علامت تھی،اے ایس پی سول لائن بینش فاطمہ کو ان اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کا خصوصی ٹاسک دیا گیا جنہوں نے ماہر پولیس افسران پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دے کر قانون تقاضے پورے کرنے کے بعد اے کیٹگری کے دونوں اشتہاری ملزمان رزاق اور طفیل کو گرفتار کروا دیا،جن سے تفتیش جاری ہے،سی پی او فیصل رانا نے سنگین ترین مقدمہ کے اشتہاری ملزمان کی گرفتاری پر ایس پی پوٹھوہار سید علی اور اے ایس پی سول لائن بینش فاطمہ کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پنڈی پولیس کی ملزمان کو گرفتار کرنے اور سنگین نوعیت کے مقدمات ٹریس کرنے کی کارکردگی میں پولیس ڈویژن پوٹھوہار اور پولیس سرکل سول لائن کا مرکزی کردار ہے،ہمیں اس کارکردگی میں مذید بہتری لا کر اس کے تسلسل کو قائم رکھنا ہے،سی پی او نے ہدائت کی کہ اس نوعیت کے دیگر خطرناک اشتہاری ملزمان کو بھی گرفتار کیا جائے کیوں کہ اشتہاری ملزمان کی گرفتاری سے کرائم کی شرح میں نمایاں کمی ہوتی ہے عوام کا پولیس پر اعتماد بڑھتا ہے،ادھر قانون دان سمیت2افراد کے قتل کے مقدمہ کے اشتہاری ملزمان کی گرفتاری پر راولپنڈی بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری شہزاد میر ایڈووکیٹ نے پولیس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنڈی پولیس کی خطرناک ملزمان کو گرفتار کرنے کے حوالے سے کارکردگی عوام کے لئے اطمینان کا باعث بن رہی ہے