وزیر اوقاف پنجاب کی زیر صدارت بادشاہی مسجد کی تعمیر و آرائش کے حوالے سے اجلاس

 
0
1330

لاہور 26 نومبر (ٹی این ایس): صوبائی وزیر اوقاف سید سعیدالحسن شاہ کی زیر صدارت بادشاہی مسجد کی تعمیر و آرائش کے حوالے سے سول سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں اہم اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری اوقاف اطہر مسعود، اربن یونٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، نامور آرکیٹیکٹ نیئر علی دادا، ڈی جی والڈ سٹی کامران لاشاری، ایڈمنسٹریٹر بادشاہی مسجد محمد علی، امام و خطیب بادشاہی مسجد عبدا لخبیر آزاد و دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر اوقاف سید سعیدالحسن شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر میں تاریخی عمارات کو ان کی اصل حالت میں رکھنے کیلئے اقدامات تیز کر دیئے گئے ہیں، بادشاہی مسجد ہمارا تاریخی ومذہبی ورثہ ہے اس کی بحالی اور دوبارہ تزئین کیلئے جامع منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں تشکیل دی گئی کمیٹی 10 روز کے اندر اپنا دورہ کر کے اس بارے تفصیلی رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی جبکہ اربن یونٹ کو داتادربار سے بادشاہی مسجد تک ماسٹر پلان تیار کرنے کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بادشاہی مسجد کی حفاظت، تعمیر ومرمت اور سیاحتی مرکز کے طور پر اقدامات پر جلد عمل درآمد شروع کیا جائے گا، بادشاہی مسجد کے اردگرد پی ایچ اے ودیگر محکمے اس کی آرائش کیلئے سرگرم عمل رہیں گے۔صوبائی وزیرنے کہا کہ 1673 ء میں تعمیر ہونے والی بادشاہی مسجد کے سحر میں دنیا بھر کے سیاح اسیر ہیں، بادشاہی مسجد کی تزئین و آرائش کا کام مکمل ہونے کے بعداس کی خوبصورتی میں نمایا ں اضافہ ہوجائے گا۔