اسلام آباد نومبر 29 (ٹی این ایس): اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ کی تقرری کے حوالے سے رپورٹ دس روز میں طلب کرلی ۔ جمعہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس کی سماعت کی ۔ عدالت نے کہاکہ بورڈ ریگولیشنز کے مطابق ڈائریکٹر جنرل کی تقرری کے حوالے سے فیصلہ کربتائیں۔ وکیل سپورٹس بورڈ نے کہاکہ پورے ادارے کی ری اسٹریکچرنگ ہو رہی ہے اس لییڈی جی کی تعیناتی کا اشتہار دیا،وکیل ملک قمر افضل نے کہاکہ ریگولیشنزسپورٹس بورڈ نے سپریم کورٹ میں جمع کرائیں اور وزارت قانون نے منظوری دی،ریگولیشنز میں ڈی جی کی تعیناتی کے لیے پروموشن کا طریقہ کار ہے۔
وکیل ملک قمر افضل نے کہاکہ بورڈ ریگولیشنز کے تحت منصور احمد کا پروموشن کے لحاظ سے حق بنتا ہے۔ عدالت نے بورڈ کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ آپ لوگوں کو یہ نہیں پتہ کہ یہ رولز ہیں یا ریگولیشنز ۔وزارت بین الصوبائی رابطہ کے نمائندے کا عدالت میں بیان دیا کہ سیکرٹری ابھی بیرون ملک ہیں۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے کہاکہ اس طرح تو نہیں ہوتا کہ کوئی نہ ہو تو کام ہی رک جائے،دس روز میں فیصلہ کرکے رپورٹ عدالت میں جمع کرائیں۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل منصور احمد نیدرخواست دائر کر رکھی ہے ۔ڈی جی سپورٹس بورڈکے تقرر کیلئے جاری اشتہار کے خلاف درخواست دائر کی گئی تھی۔