مکّہ مکرمہ میں قائم غیر قانونی ہسپتال سِیل کر دیا گیا چند غیر مُلکیو ں نے ایک گھر میں ہی ہسپتال بنا کر غیر قانونی آپریشن کا دھندا شروع کر رکھا تھا

 
0
390

مکّہ مکرمہ دسمبر 02 (ٹی این ایس): مکہ مکرمہ ریجن پولیس نے الزھور کے علاقے میں قائم کیے گئے غیر قانونی ہسپتال پر چھاپہ مار کر اسے سِیل کر دیا ہے۔ سعودی ویب نیوز 24 نے پولیس کے ذرائع کے حوالے سے بتا دیا ہے کہ پولیس کو کسی نے مخبری کی تھی کہ الزھور کے علاقے میں چند تارکین وطن نے ایک گھر کرائے پر حاصل کر رکھا ہے اور وہاں پر غیر قانونی اسپتال قائم کیا ہوا ہے جہاں چوری چھُپے لوگوں کا علاج کیا جاتا ہے، بلکہ یہاں پر ایک آپریشن تھیٹر بھی قائم کیا ہے، جہاں پر زیادہ تر غیر مُلکیوں سے بھاری رقم وصول کر کے ان کے غیر قانونی طور پر آپریشن کیے جاتے ہیں۔
پولیس کی جانب سے موصول ہونے والی اطلاع کی تصدیق کی گئی جس کے بعد اس اسپتال پر چھاپہ مارا گیا تو وہ وہاں پر کئی غیر مُلکیوں کا علاج کیا جا رہا تھا ، جبکہ ایک غیر مُلکی کا آپریشن کیے جانے کی تیاریاں بھی ہو رہی تھیں۔ جس کے بعد پولیس اہلکاروں نے ہسپتال کے عملے کو بھی گرفتار کر لیا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمان نے الزھور کے ایک محلے میں پُرانی طرز کے مکان میں یہ غیر قانونی ہسپتال قائم کر رکھا تھا۔
یہاں پر جو دوائیاں دی جا رہی تھیں، وہ بالکل غیر معروف تھیں، جن کے مریضوں پر منفی اثرات مرتب ہونے کا بھی احتمال تھا، یہ تمام دوائیاں بھی بطور ثبوت ضبط کر لی گئی ہیں۔ یہاں پر تعینات عملہ بھی پیشہ ورانہ طور پر اہل نہیں تھا۔ جبکہ حفظانِ صحت کے اصولوں کا بھی کوئی خیال نہیں رکھا گیا تھا۔ جبکہ تمام ملزمان کو غیر قانونی طور پر ہسپتال قائم کرنے کے الزام میں گرفتار کر کے سرکاری استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا ہے، تاکہ ان کے خلاف ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد انہیں عدالت میں پیش کر کے مقدمہ چلایا جا سکے۔گرفتار ملزمان کی قومیت تاحال ظاہر نہیں کی گئی۔