نئے پاکستان میں تمام ادارے خودمختار،تبدیلی کا سفر جاری رہے گا، وزیر محنت و انسانی وسائل پنجاب

 
0
221

لاہور دسمبر 02 (ٹی این ایس): وزیر محنت و انسانی وسائل پنجاب انصرمجیدخان نے کہاہے کہ تین دہائیوں تک ملک میں حکمرانی کرنے والوں نے ہر ادارے کوختم کر دیاہے۔ قومی اداروں میں من مانی تعیناتیاں اور ترقیاں کرنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔آج اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر انصرمجیدخان نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں ہر ادارہ قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے، ماڈل ٹائون کو لاہور اور پاکستان سمجھنے والوں نے جنوبی پنجاب کی عوام کے ساتھ ظلم کیاہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے جنوبی پنجاب کی عوام کی محرومیاں ختم کرنے کیلئے سب سے زیادہ ترقیاتی منصوبے شروع کئے ، جنوبی پنجاب کی عوام کی سہولت کی خاطر اسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال، روزگار کے مواقع اور نظام تعلیم بہتر کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی نظر میں ترقی ہرپاکستانی کا بنیادی حق ہے۔ انہوںنے کہاکہ مولانا فضل الرحمن نے دھوکے باز سیاستدانوں کی آس پر قوم کو گمراہ کیا۔
عمران خان ہر پاکستانی کے دل کی آواز اور ترجمانی کا نام ہے۔ انصرمجیدخان نے کہاکہ نئے پاکستان میں تمام ادارے خودمختار جبکہ تبدیلی کا سفر جاری رہے گا۔ ہمیں مہذب معاشروں کی طرح ترقی کی راہ پر گامزن رہتے ہوئے ملک کو آگے لے کر جاناہے۔نئے پاکستان میں اب کسی قسم کے مفادات کی سیاست کی کوئی جگہ نہیں۔ ملک میں قانون کی بالادستی ہے جس کے سامنے ہر ایک کو جھکنا ہوگا۔