چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا جاپان کے سابق وزیراعظم ناکاسونے یسو ہیرو کی وفات پر اظہار افسوس

 
0
266

اسلام آباد دسمبر 03 (ٹی این ایس): چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے جاپان کے سابق وزیراعظم ناکاسونے یسو ہیرو کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آج پاکستان کی پارلیمان، حکومت اور عوام غمزدہ ہے اور اپنے جاپانی بھائیوں کے اس غم میں برابر کی شریک ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آنجہانی ناکاسونے پاکستان کے اہم دوست تھے اور انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان دوستی کے رشتے کو مستحکم کرنے کیلئے بے بہا خدمات سرانجام دیں جنہیں پاکستانی قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔
پاکستان جاپان تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ملکوں نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور سیاسی قیادت ان دوطرفہ تعلقات کو انتہائی اہم سمجھتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج ناکاسونے کی وفات پر پوری قوم غمزدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنجہانی ناکاسونے نے جاپان کی اقتصادی و سماجی ترقی میں اہم کردار ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کیلئے نئی راہیں ہموار کیں جن کی بدولت آج پاک جاپان تعلقات تاریخ کی نئی بلندیوں کو چھٴْو رہے ہیں۔