گذشتہ تین دہائیوں سے تعطل کے شکار اسلام آباد کے سیکٹر E-12میں ترقیاتی کام کا آغاز کر دیا گیا

 
0
261

اسلام آباد دسمبر 04 (ٹی این ایس): گذشتہ تین دہائیوں سے تعطل کے شکار اسلام آباد کے سیکٹر E-12میں ترقیاتی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں سیکٹر E-12کی سروس روڈ(نارتھ) کا تعمیراتی کام شروع کیا گیا ہے۔ سروس روڈ کی تعمیر کے لیے کنٹریکٹر نے تمام مشینری موبلائز کرنے کے بعد کام شروع کر دیا ہے۔ اس سڑک کی تعمیر کے لیے سی ڈی اے نے 12 ستمبر2019 ؁ء کو اخبارات میں اشتہار دیا تھا جس کے جواب میں 16 فرموں نے حصہ لیا اور سب سے کم لاگت دینے والی تعمیراتی فرم کو کنٹریکٹ ایوارڈ کیا گیا تھا۔ کنٹریکٹ کے مطابق کنٹریکٹر نہ صرف پوری سروس روڈ(نارتھ) دو رویہ تعمیر کرے گا بلکہ اس سڑک میں آنے والے کلورٹس اور ڈرینج کا کام بھی مکمل کرے گا۔ اس سڑک کی تعمیر پر 97.107ملین روپے لاگت آئے گی۔

سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے گذشتہ کئی دھائیوں سے ترقیاتی کاموں میں تعطل کے شکار رہائشی سیکٹروں میں ترقیاتی کاموں کو شروع کرنے کی جو جامع پالیسی بنائی ہے اُس کے تحت دیگر سیکٹروں کے علاوہ سیکٹر E-12میں بھی ترقیاتی کاموں کو ممکن بنانے کے لیے نہایت قلیل وقت میں نہ صرف ضروری قواعد و ضوابط مکمل کر کے سڑک کی تعمیر کا آغاز کیا ہے بلکہ سی ڈی اے ڈی ڈبلیو پی(CDA-DWP) کی 45 ویں میٹنگ میں سیکٹر E-12کی مکمل ڈیویلپمنٹ کا 6630.2ملین روپے کا PC-Iپہلے ہی منظور کیا جا چکا ہے جس کے تحت سیکٹر E-12 کا تمام انفراسٹرکیچر، روڈ نیٹ ورک، واٹر سپلائی سسٹم پورے سیکٹر کا ڈرینج سسٹم، سٹریٹ لائٹیس اور دیگر تمام بنیادی سہولیات بہم پہنچائی جائیں گی۔
دریں اثناء کنٹریکٹر کوہدایت کی گئی ہے کہ وہ سڑک کی تعمیر کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کو یقینی بنائے اور سی ڈی اے کے متعلقہ شعبوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے موئثر مانیٹرنگ کریں تاکہ گذشتہ تین دھائیوں سے گھر بنانے کے منتظر الاٹیوں کو ڈویلپمنٹ مکمل ہونے کے بعد گھر بنانے کی سہولت دی جا سکے۔