احتساب عدالت نے پی پی رہنما خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع کر دی

 
0
255

سکھر دسمبر 17 (ٹی این ایس): آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سکھر کی احتساب عدالت نے پی پی رہنما خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع کر دی۔منگل کو سکھر کی احتساب عدالت میں پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی۔ وکیل صفائی رضا ربانی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ خورشید شاہ کو گرفتار کیے 90 روز گزر گئے، نیب کوئی ثبوت نہ ریفرنس پیش کرسکی۔
عدالت میں سماعت کے دوران دلائل دیتے ہوئے رضا ربانی نے کہا کہ خورشید شاہ کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، استدعا ہے قانون کے مطابق کیس خارج کیا جائے۔معزز جج نے نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ کیا نیب نے ریفرنس فائل کیا، ریفرنس تیار کرکے منظوری کے لیے چیئرمین نیب کو بھجوا دیا گیا، 15 روز میں ریفرنس منظوری پر احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ خورشید شاہ سمیت 18 افراد پرعبوری ریفرنس تیار کیا ہے، خورشید شاہ کے خلاف ریفرنس میں 1 ارب 24 کروڑ کے شواہد اکٹھے کیے۔بعدازاں آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سکھر کی احتساب عدالت نے پی پی رہنما خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع کر دی۔یاد رہے کہ 10 دسمبر کو نیب نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کے الزام میں گرفتار پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کے خلاف کیس کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔