ریجنل پولیس آفیسر سہیل حبیب تاجک کا راولپنڈی چیمبر آف کامرس کا دورہ، تاجر برادری و چیمبر ممبران سے ملاقات

 
0
287

راولپنڈی دسمبر 17 (ٹی این ایس): ریجنل پولیس آفیسر سہیل حبیب تاجک نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا اور تاجر برادری و چیمبر ممبران سے خطاب کیا۔ اس موقع پر صدر چیمبر صبور ملک، نائب صدر حمزہ سروش، سابق صدورامان اللہ خان، ڈاکٹر حسن سروش، ایگزیکٹو ممبران،چیئرمین پولیس چیمبر کمیٹی پرویز احمد وڑائچ اور انجمن تاجران کے نمائندوں اورتاجروں کی ایک کثیر تعداد بھی موجود تھے۔ چیمبر میں خطاب میں آر پی او سہیل حبیب تاجک نے کہا کہ شہر میں جرائم کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جا رہا ہے۔ اہم کاروباری مقامات کو سیف سٹی کی طرز پر سی سی ٹی وی مانیٹرنگ نظام لایا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہر کاروباری مرکز پر ہنگامی کال کا بٹن بھی لگایا جا ئے گا تاکہ کوئی بھی تاجر و شہری کسی بھی واردات یا جرم کی اطلاع کے لیے ایس او ایس کالز کر سکے۔ یہ نظام شہر کے تمام تھانوں اور ڈولفن فورس کو فوری الرٹ جاری کرے گا۔ کمیونٹی پولیس، تنازعات کے متبادل حل کے لیے ADRCکو فعال کرنے کے لیے چیمبر کی تجاویز قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کا اولین فرض شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔ معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں تاجر برادری کا کردار نہایت اہم ہے۔ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ شہر خاص طور پر مارکیٹوں میں سٹریٹ کرائم کوکنٹرول کیا جا سکے تاکہ کسٹمر زاطمینان کے ساتھ شاپنگ کر سکیں۔ معاشرے سے جرائم کے خاتمے کے لیے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا،مساجد کے ذریعے عوام میں آگاہی کے لیے جمعہ کو خطیب حضرات اہم موضوعات پر بیان دیں گے۔ عدم برداشت، بچوں کو جنسی ہراسیت سے بچانے کے لیے گزشتہ جمعے کو خطیب حضرات بیان دے چکے ہیں، آئندہ جمعے کو منشیات کے نقصانات اور روک تھام پر خطیب حضرات بیان دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، کنٹرول روم اور بہتر رابطے کے لیے تجاویزپر عمل کیا جائے گا۔ صدر چیمبر صبور ملک نے کہا کہ سٹریٹ کرائم بڑھنے کی اہم وجہ بے روزگاری ہے۔ ہمیں مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ سیف سٹی منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے، ADRC اور چیمبر پولیس رابطہ کمیٹی فعال کر نے سے ایف آئی آر کا بوجھ کم ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں جرائم کے خاتمے کے لیے پولیس کے ساتھ تما م تر تعاون کیا جائے گا۔ اور مفید تجاویز بھی دی جائیں گی۔