عدالت کے حالیہ فیصلے سے ملک کے جیوڈیشل سسٹم پر عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوگا ‘سراج الحق

 
0
64804

لاہور دسمبر 17 (ٹی این ایس): امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے خصوصی عدالت کی جانب سے آرٹیکل 6 کے تحت پرویز مشرف کی سزا کو ملک میں قانون کی حکمرانی اور آئینی بالادستی کی طرف ایک اہم پیشرفت قراردیتے ہوئے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ عدالت کے حالیہ فیصلے سے ملک کے جیوڈیشل سسٹم پر عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوگا ۔اس فیصلہ سے نہ صرف طاقتور اور کمزور کے لئے یکساں انصاف کے تصور کو تقویت ملے گی بلکہ ان ساری قوتوں کو یہ واضح پیغام ملے گاجوکروڑوں لوگوں کے متفقہ دستورو آئین کو بازیچہ اطفال بناتے رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ اب یہ موجودہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ پرویز مشرف کو وطن واپس لاکر انصاف کے باقی ماندہ تقاضوں کو تکمیل تک پہنچائیں۔سراج الحق نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی پرویز مشرف کو سزا سے بچانے کی کوئی بھی کھلی یا درپردہ کوشش انہیں عوام کی نظروں میں مزید بے وقعت کردے گی ۔ پاکستان کے عوام اس کی قطعی اجازت نہ دیں گے۔انہوں نے 72 سال میں پہلی بار جمہوریت کی بقا اور آئین کی بالا دستی کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس تاریخی فیصلے سے پاکستان کی جمہوریت آئندہ کے لئے محفوظ ہوگئی ہے۔
اب حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ اس مجرم کو ملک میں واپس لائے۔اس فیصلے کے بعدمشرف کوباہر بھیجنے والوں کو بھی قوم کو جواب دینا چاہئے ۔جنرل مشرف جمہوریت کے قاتل ثابت ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مشرف نے امریکہ کا حواری بن کرناصرف ملکی مفادات کا سوداکیابلکہ پاکستان کو دہشت گردی کی جنگ میں دھکیل دیا جس سے ناقابل تلافی جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا۔