پاکستان ترکمانستان کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت کی نگاہ سے دیکھتا ہے ،چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی ترک سفیر سے گفتگو

 
0
250

اسلام آباد جنوری 09 (ٹی این ایس): چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان ترکمانستان کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور وسطی ایشیائی ممالک تک رسائی کیلئے ترکمانستان پاکستان کیلئے انتہائی اہم ملک ہے۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین سینیٹ نے ترکمانستان کے سفیر اتاجان نورلی ویکخ مولا موف سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ تجارت، ٹرانسپورٹ، صنعت، زراعت اور دیگر شعبوں میں تعاون کیلئے معاونتی پلیٹ فارمز کو مزید موثر بنایا جائے اور موجودہ وقت کی ضرورت ہے کہ دوطرفہ تجارت کو مزید مستحکم کرنے کیلئے مخلصانہ کوششوں کی جائیں۔ چیئرمین سینیٹ نے تجویز دی کہ پاکستان ترکمانستان مشترکہ حکومتی کمیشن کا اجلاس جلد طلب کیا جائے۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ گوادر اس خطے کا معاشی حب ہے جو کہ ترکمانستان اور دوسری وسطی ایشیائی ممالک کیلئے مختصر فاصلے کی رسائی فراہم کرتا ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان فضائی رابطوں کی بحالی اچھا اقدام ہوگا اورترکمانستان پاکستان کی ایوی ایشن پالیسی سے استفادہ کر سکتا ہے۔ پارلیمانی اور سفارتی سطح پر تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے عوام کو قریب لایا جا سکتا ہے۔ملاقات میں اعلیٰ سطح ادارہ جاتی تعاون اور وفود کے تبادلوں پر بھی اتفاق کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے ترکمانستان کی مجلس کی صدر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔