سی ڈی اے نے 04 اکتوبر 2019؁ء کو فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) سے 60 فلیٹوں کا قبضہ لیا

 
0
402

اسلام آباد جنوری 11 (ٹی این ایس): سی ڈی اے نے 04 اکتوبر 2019؁ء کو فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) سے 60 فلیٹوں کا قبضہ لیا تھا۔ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (FGEHA) نے سیکٹر جی الیون تھری میں مجموعی طور پر 96 فلیٹ تعمیر کیے تھے۔ ان میں سے 36 فلیٹس(FGEHA) نے فروخت کردیئے تھے جبکہ باقی 60 فلیٹوں کو 04 اکتوبر2019؁ء کو سی ڈی اے نے اپنے قبضے میں لے لیاتھا۔گذشتہ دو یا دو دہائیوں سے زائد عرصے سے سی ڈی اے ملازمین کی سہولت کے لئے کوئی سرکاری رہائش گاہ تعمیر نہیں کی گئی ہے جبکہ ملازمین نجی رہائش گاہوں کے بھاری کرائے ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔ سرکاری رہائش گاہوں کی شدید قلت کو دور کرنے کے لئے سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ جنرل ویٹنگ لسٹ(GWL) کی بنیاد پر یہ فلیٹس سی ڈی اے کے افسران کوان کی کیٹگریز کے مطابق سرکاری رہائش کے طور پر دیئے جائیں۔
واضح رہے کہ ان فلیٹوں کو سی ڈی اے کے حوالے کرنے سے متعلق مختلف امور پر ماضی میں بات چیت کی جاتی رہی تاہم اس پر کوئی موئثر فیصلہ نہیں کیا گیا تھا تاہم سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے ادارے کی مالی حیثیت کو مستحکم کرنے کے لیے ایک عرصہ سے التواء کے شکار اس مسئلے پر خصوصی توجہ دی اور چیئرمین سی ڈی اے اور ڈائریکٹر جنرل، فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کے درمیان متعدد اجلاس ہوئے جن میں اس دیرینہ مسئلے کے حل پر غور کیا گیا اور ان مسلسل کاوشوں کے بعد یہ فلیٹ سی ڈی اے نے اپنے قبضے میں لے لیے تھے۔ ان فلیٹس کی سی ڈی اے افسران کو سرکاری رہائش گاہ کے طور پر دینے سے ایک عرصے سے سرکاری رہائش کے منتظر افسران کو سرکاری رہائش گاہ کی سہولت میسر ہو جائے گی جن کے پاس اسلام آباد میں اپنی رہائش نہیں ہے۔