فرانسیسی آٹو موبائل کمپنی رونالٹ کا پاکستان آنے کا اعلان

 
0
211977

کراچی ،اکتو بر 23(ٹی این ایس):فرانسیسی آٹو موبائل کمپنی رونالٹ نے پاکستان آنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق رونالٹ پاکستان میں اپنا پروڈکشن پلانٹ لگائے گی۔ غیر ملکی جریدے کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ فرانسیسی آٹو موبائل کمپنی متحدہ عرب امارات کے شاپنگ مال کے ساتھ پاکستان میں اپنا پروڈکشن پلانٹ لگانے سے متعلق بات چیت کر رہی ہے۔ اس ضمن میں رونالٹ اور ماجد الفطیم نے ایک میمورنڈم آگ انڈرسٹینڈنگ پر بھی دستخط کر لیے ہیں۔

دونوں کمپنیاں کراچی کے انڈسٹریل ایریا میں اپنا پلانٹ لگانے اور سالانہ50ہزار ڈسٹر ایس یو وی گاڑیاں بنانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ڈسٹر ایس یو وی رونالٹ کی سب سے مقبول ترین کمرشل گاڑی ہے۔ فرانسیسی آٹو موبائل کمپنی گذشتہ کچھ عرصے سے پاکستان میں اپنا پلانٹ لگانے کی کوشش میں تھی ، اس ضمن میں ان کی لوکل کمپنیوں دیوان اور گندھارا سے بات چیت بھی کی گئی ، لیکن بظاہریہ بات چیت کوئی حتمی شکل نہیں لے پائی۔