اسلام آباد میں ترقیاتی کاموں کے تعطل کے شکار سیکٹروں میں باقیماندہ ترقیاتی کاموں کو فوری مکمل کرنے کی جامع پالیسی کے تحت سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے اسلام آباد کے سیکٹر آئی14- کے باقیماندہ ایریاء میں گیس کی فراہمی کے لیے 210.552ملین روپے کی منظوری دے دی

 
0
502

اسلام آباد جنوری 24 (ٹی این ایس): اسلام آباد میں ترقیاتی کاموں کے تعطل کے شکار سیکٹروں میں باقیماندہ ترقیاتی کاموں کو فوری مکمل کرنے کی جامع پالیسی کے تحت سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے اسلام آباد کے سیکٹر آئی14- کے باقیماندہ ایریاء میں گیس کی فراہمی کے لیے 210.552ملین روپے کی منظوری دے دی ہے۔ سی ڈی اے یہ رقم آئندہ چند دنوں میں سوئی ناردن گیس لیمٹیڈ(SNGPL)کو ادا کر دے گا جس کے بعد توقع ہے کہ SNGPLسیکٹر آئی 14- کے باقیماندہ ایریاء میں گیس کی سپلائی کے لیے نیٹ ورک پر کام شروع کر دے گا۔
اسلام آباد کے سیکٹر آئی14- کے باقی ماندہ ایریاء میں سوئی گیس کی فراہمی اس سیکٹر کے مکینوں کا دیرینہ مطالبہ تھا اور 1989 ؁ء سے اس پر کوئی توجہ نہ دی گئی تاہم سی ڈی اے موجودہ انتظامیہ نے سیکٹر کے مکینوں کے اس دیرینہ مطالبے کو حل کرتے ہوئے 210 ملین روپے جاری کرنے کی منظوری دی ہے جس کے تحت سوئی ناردرن گیس پائپ لائن (SNGPL) سیکٹرآئی14- کے باقیماندہ ایریاء میں گیس کی فراہمی کے لیے انفراسٹرکچر اور گیس پائپ لائن نیٹ ورک کو مکمل کرے گا جس میں 3470 میٹر طویل چار انچ ڈایا کی مین لائن بھی بچھائے گا۔ علاوہ ازیں 29250میٹر طویل دو انچ ڈایا کی پائپ لائن،50110میٹر طویل سوا ایک انچ ڈایا کی پائپ لائن کے علاوہ سیکٹر آئی14- میں پہلے سے موجود گیس پائپ لائن کے نیٹ ورک کو بھی مزید اپ گریڈ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سی ڈی اے۔ڈی ڈبلیو پی(CDA-DWP)کی 45 ویں میٹنگ جو گذشتہ سال اکتوبر میں منعقد ہوئی تھی میں سیکٹر آئی 14- کی ڈیویلپمنٹ کے لیے 3112.162ملین روپے کے PC-Iکی منظوری دی گئی تھی۔پراجیکٹ پر اٹھنے والی لاگت کی منظوری کے بعد تمام متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ ترقیاتی کاموں کے آغاز کے لیے ابتدائی قواعد و ضوابط فوری مکمل کریں تاکہ تمام شعبے ملکر بیک وقت کام شروع کر سکیں۔ اس ضمن میں سوئی گیس کے محکمے نے سیکٹر آئی14- کے باقیماندہ ایریاء میں گیس انفراسٹرکچر کی فراہمی کے لیے ڈیمانڈ نوٹس جاری کر دیا جس کی منظوری سی ڈی اے کے مجاز حکام نے دے دی ہے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ گذشتہ کئی سالوں سے ترقیاتی سرگرمیوں میں تعطل کے شکار سیکٹروں میں ترقیاتی کاموں کو شروع اور فوری طور پر مکمل کرنے کی مربوط اور جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے جس کے تحت نہ صرف باقی ماندہ ترقیاتی سرگرمیوں کو جلد از جلد شروع کر کے مکمل کیا جا رہا ہے بلکہ شہریوں کو تمام تر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اس ضمن میں تعطل کے شکار مختلف ترقیاتی منصوبوں پر اب بھر پور ترقیاتی کام جاری ہیں جبکہ سیکٹروں میں ترقیاتی کام شروع کرنے کے لیے قواعد و ضوابط تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں جن پر جلد کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔