سی ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے تسلسل کے ساتھ کی جانے والی کاوشوں کے نتیجے میں سی ڈی اے کے پارک انکلیو ہاؤسنگ منصوبے میں ترقیاتی سرگرمیاں تکمیل کی طرف بڑھ رہی ہیں

 
0
491

اسلام آباد فروری 03 (ٹی این ایس): سی ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے تسلسل کے ساتھ کی جانے والی کاوشوں کے نتیجے میں سی ڈی اے کے پارک انکلیو ہاؤسنگ منصوبے میں ترقیاتی سرگرمیاں تکمیل کی طرف بڑھ رہی ہیں۔ اس منصوبے کی ترقیاتی سرگرمیوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے سی ڈی اے کی طرف سے ان سرگرمیوں کی بھرپور اور موئثر مانٹیرنگ بھی کی جا رہی ہے۔

اس ضمن میں پارک انکلیو کے اندر تعمیر کئے جانے والے پُل پر کام آخری مراحل میں ہے۔ اس پُل کے کالم مکمل کرنے کے علاوہ پل کے آٹھ میں سے پانچ ٹرانسمز(Transoms)مکمل کئے جا چکے ہیں۔ مزید برآں پارک انکلیو میں زیر تعمیر پل کے گرڈرز بھی تیار ہو چکے ہیں جنہیں رواں ماہ کے تیسرے ہفتے تک لگا دیا جائے گا۔ اس زیر تعمیر پُل کو مقررہ مدت ہی میں مکمل کرنے کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔ یہ پل پارک انکلیو کے رہائشیوں کو آنے جانے کے لیے سہولت دینے کے لیے”گمراکس نالے“کے اوپر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ قبل ازیں سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ کی ہدایات کی روشنی میں پارک انکلیو کے میجر روڈز پر جدید ٹیکنالوجی کی حامل ایل ای ڈی سٹریٹ لائٹس نصب کر کے روشن کی جا چکی ہیں جبکہ پارک انکلیو کے باقیماندہ حصوں میں سٹریٹ لائیٹس کی تنصیب کے لیے کام جاری ہے۔ پارک انکلیو میں گیس کی فراہمی کے لیے سی ڈی اے کے متعلقہ شعبے سوئی ناردرن گیس کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ جلد از جلد ڈیمانڈ نوٹس کا اجراء کروا کر گیس نیٹ ورک کی لائنیں بچھانے کے لیے کام شروع کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ ایک سال قبل پارک انکلیو کا ہاؤسنگ منصوبہ تعطل کا شکار تھا تاہم سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے نہ صرف اس تعطل کو دور کیا بلکہ جامع منصوبہ بندی کے تحت پارک انکلیو میں نہ صرف ترقیاتی سرگرمیوں کا آغاز کیا بلکہ موئثر مانیٹرنگ کو بھی یقینی بنایا گیا ہے تاکہ بہت جلد اس سکیم کے الاٹی اپنے گھروں کی تعمیر کر کے رہائش پزیر ہو سکیں۔