اسلام آباد کی حدود میں واقع ہاؤسنگ سوسائٹیز میں جاری مختلف پراجیکٹس اور مفاد عامہ کے لیے مختص کئے جانے والے پلاٹوں کی اور دیگر سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے بنائی جانے والی چار رکنی کمیٹی نے ہاؤسنگ سوسائٹیز کا تفصیلی سروے شروع کر دیا گیا

 
0
378

اسلام آباد فروری 22 (ٹی این ایس): اس سروے کے دوران اس بات کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ مختلف سوسائیٹیوں میں مفاد عامہ کے لئے مختص کردہ پلاٹوں کا استعمال کا سی ڈی اے کے منظور شدہ لے آْؤٹ پلان سے مطا بقت رکھتاہے یا ہاؤسنگ سو سائیٹیز لے آؤٹ پلان کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ان جگہوں کو رہائشی یا کمرشل استعمال میں لارہی ہیں۔
اس سروے کے دوران ابتدائی تین دنوں میں کمیٹی کے ارکان نے اسلام آباد کے زون V میں واقع CBRہاؤسنگ سوسائٹی اور آغوشI- ہاؤسنگ سوسائٹی کا دورہ کیا جس میں اس بات کی نشاندہی ہوئی ہے کہ مذکورہ دونوں ہاؤسنگ سوسائٹیز میں کی جانے والی تعمیرات سی ڈی اے سے منظور شدہ نقشے کے مطابق نہیں ہیں جبکہ دونوں ہاؤسنگ سوسائٹیز میں مفاد عامہ کے لیے مختص کئے جانے والے پلاٹ سی ڈی اے کے پلاننگ کے مطلوبہ معیار پر پورے نہیں اترتے ان پلاٹوں میں قبرستان، پارکس، طبی سہولیات اور سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کے پلاٹ شامل ہیں جوکہ منظور شدہ لے آؤٹ پلان کے مطابق نہیں ہیں۔ سی بی آر ہاؤسنگ سوسائٹی میں اس وقت 800 رہائشی یونٹس میں تقریباً6000 ہزار افراد رہائش پذیر ہیں جبکہ آغوشI- کے 300 یونٹس میں 2000 ہزار افراد رہائش پذیر ہیں۔ سی بی آر ہاؤسنگ سوسائٹی میں گورنمنٹ سکول کے علاوہ ایک پرائیویٹ سکول اور 100بیڈ پر مشتمل ہسپتال اور 2چھوٹے پارک موجود ہیں جبکہ سوسائٹی میں مسجد بھی موجود ہے تاہم آغوشI- ہاؤسنگ سوسائٹی میں مفاد عامہ کی مذکورہ سہولیات موجود نہیں ہیں۔ دونوں ہاؤسنگ سوسائیٹز میں جزوی طور پر کمرشل ایریاء تعمیر شدہ ہیں جبکہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کی طرف سے قبرستان اور پارکس ایسی جگہوں پر تجویز کئے گئے ہیں جن کی اراضی متنازعہ ہے۔ سی ڈی اے کے بائی لاز کے مطابق ہر سوسائٹی اپنے رقبے کا دو فیصد قبرستان کے لیے مختص کرنے کی پابند ہے لیکن CBRمیں جزوی جبکہ آغوش I- میں قبرستان کی سہولت سر ے سے موجود ہی نہیں ہے۔ دونوں ہاؤسنگ سوسائٹیز میں بجلی، گیس، پانی اور سیوریج کا زیر زمین نیٹ ورک موجود ہے۔ کمیٹی تمام ہاؤسنگ سوسائٹیوں کا تفصیلی سروے کرنے کے بعد اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ کمیٹی کے دیگر ممبران میں سی ڈی اے کے ڈائریکٹر پروگرامنگ و ایولیویشن(Programing & Evaluation)،ڈپٹی ڈائریکٹر ماسٹر پلان کے علاوہ آئی سی ٹی کے کوآپریٹو ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ سے ایک نمائندہ شامل ہے۔
واضح رہے کہ چار رکنی کیمٹی اسلام آباد کی مختلف ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے دورے کر کے ان سوسائٹیوں کے لے آؤٹ پلان کے مطابق ہونے والی تعمیراتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کررہی ہے۔ علاوہ ازیں کمیٹی ان ہاؤسنگ سوسائیٹز میں بنائے جانے والے مختلف پراجیکٹس کا بھی مشاہدہ کر ے گی تاکہ ان ہاؤسنگ منصوبوں میں بائی لاز کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی ہو سکے۔ کمیٹی ان ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں مفاد عامہ کی سہولیات کے لیے مختص کئے جانے والے پلاٹوں کا جائزہ لینے کے علاوہ ان ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں قبرستان، سکولز، ہسپتال، گراؤنڈز اور دیگر شہری سہولیات کے لیے مختص کئے جانے والے پلاٹوں کی موجودگی کا بھی مشاہدہ کرے رہی ہے۔ کمیٹی ان ہاؤسنگ سکیموں میں رہنے والوں کو بہتر ماحول فراہم کرنے کے لیے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی موجودگی یا غیر موجودگی کے بارے میں بھی مشاہدہ کر رہی ہے۔ اس سروے کا مقصد تمام ہاؤسنگ سوسائٹیز کے مکینوں کو سی ڈی اے سے منظور شدہ لے آؤٹ پلان کے مطابق بہتر ماحول کے ساتھ جدید سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنا نا ہے