اسلام آباد کی ہاؤسنگ سو سائٹیوں اور ان کے مختلف پراجیکٹس کی سکروٹنی کے لیے بنائی جانے والی چار رکنی کمیٹی کی طرف سے تفصیلی سروے جاری

 
0
415

اسلام آباد مارچ 07 (ٹی این ایس): اسلام آباد کی ہاؤسنگ سو سائٹیوں اور ان کے مختلف پراجیکٹس کی سکروٹنی کے لیے بنائی جانے والی چار رکنی کمیٹی کی طرف سے تفصیلی سروے جاری ہے اور اب تک چار ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی سکروٹنی مکمل جبکہ ایک ہاؤسنگ سوسائٹی کی سکروٹنی جاری ہے۔ سی ڈی اے کے ڈائریکٹر ماسٹر پلان کی سربراہی میں قائم کی گئی کمیٹی کے دیگر اراکین میں سی ڈی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر پروگرامنگ اینڈ ایویلشن، ڈپٹی ڈائریکٹر ماسٹر پلان کے علاوہ آئی سی ٹی کے کوآپریٹیو ہاؤسنگ سوسائٹی ڈیپارٹمنٹ کا ایک نمائندہ شامل ہیں۔ کمیٹی کو روزانہ کی بنیاد پر اسلام آباد کی تمام ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے لے آؤٹ پلان اور مختلف پراجیکٹس کی سکروٹنی کا ٹاسک دی گیا ہے۔ کمیٹی اس سروے کے دوران ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں مفاد عامہ کے لیے مختص کئے جانے والے پلاٹوں بشمول قبرستان، کمرشل سرگرمیوں کے لیے پلاٹوں کی موجودگی اور سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی سہولت وغیرہ کا عملی طور پر مشاہدہ کر رہی ہے۔
اب تک اس کمیٹی نے جن ہاؤسنگ سوسائٹیوں کا سروے مکمل کر لیا ہے اس میں سی بی آر(CBR)ہاؤسنگ سوسائٹی، آغوش ہاؤسنگ سوسائٹی، کیبنٹ ڈویژن ہاؤسنگ سوسائٹی اور وزارت داخلہ کی ہاؤسنگ سوسائٹی شامل ہیں جبکہ سواں گارڈن ہاؤسنگ سوسائٹی کا سروے جاری ہے جو کہ نسبتاً بڑی ہاؤسنگ سوسائٹی ہے۔
سروے کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ وزارت داخلہ کی ہاؤسنگ سوسائٹی کے علاوہ دیگر چار ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ نصب نہیں کئے گئے جبکہ وزارت داخلہ ہاؤسنگ سوسائٹی نے ابھی تک سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کو سیوریج سسٹم سے منسلک نہیں کیا گیا ہے۔ مفاد عامہ کے پلاٹوں بشمول پلے گراؤنڈ، پارکس، مسجد، قبرستان، ہسپتال وغیرہ کا مشاہدہ لیا گیا کہ مفاد عامہ کے لیے مختص کئے جانے والے پلاٹوں پر یہ سہولیات بہم پہنچائی جا رہی ہیں یا نہیں۔اسی طرح ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے روڈ انفراسٹرکچر کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ وہ معیار کے مطابق بنائے گئے ہیں یا نہیں۔
کمیٹی ان ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں جاری مختلف پراجیکٹس میں بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزیوں کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔ اس سروے کا مقصد مفاد عامہ کے لیے مختص کئے جانے والے پلاٹوں کے دیگر مقاصد کے لیے استعمال میں لانے کا بھی مشاہدہ کررہی ہے۔
کمیٹی تمام ہاؤسنگ سوسائٹیوں کا تفصیلی سروے مکمل کرنے کے بعد اپنی رپورٹ تیار کرے گی۔ اس ضمن میں کمیٹی کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ جلد از جلد سروے مکمل کرکے اپنی رپورٹ پیش کریں۔ سروے کا اس عمل کو ایک ہفتے میں مکمل کر لیا جائے گا جس کے بعدعدم دستیاب سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات اٹھائے جانے کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔