بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کیلئے ہیلتھ کورونا ٹیسٹ میں نرمی، سول ایوی ایشن اتھارٹی کا اہم قدم

 
0
524

اسلام آباد مارچ 20 (ٹی این ایس): سول ایوی ایشن اتھارٹی نےعارضی طور پر بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کو ہیلتھ کورونا ٹیسٹ سے استشنیٰ دیتے ہوئے نوٹم جاری کردیا، جس کا اطلاق اکیس مارچ سے ہوگا۔

وزارت ہوابازی کے ترجمان کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹم کا مقصد براہ راست پروازوں کے ذریعے پاکستان آنے والے مسافروں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔

براہ راست پروازوں کے ذریعے آنے والے مسافروں کے لیے کورونا وائرس کی مصدقہ رپورٹ کی فراہمی کے بغیر پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی شرط کچھ دورانیے کیلئے ختم کی گئی ، شرط کی نرمی کا اختتامی وقت 21 مارچ کی صبح 5 بجے سے بڑھا کر 21 مارچ کی ہی رات 8 بجے تک مقرر کر دیا گیا ہے۔

21 مارچ کے بعد بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے کقرونا وائرس کی مصدقہ ٹیسٹ رپورٹ فراہم کرنا لازم ہوگا، اس نوٹم کا اطلاق صرف ان پروازوں پر ہوگا، جو 21 مارچ 2020 صبح 5 بجے پرواز کی حالت میں ہوں گی۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے سیکریٹری ایوی ایشن سے رابطہ کرکے کہا تھا کہ بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کو ہیلتھ ٹیسٹ سے استثنیٰ دیا جائے، برطانیہ اور یورپ سے پاکستان آنے والے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

کورونا وائرس ٹیسٹ کی شرط میں نرمی کے لئے اسپیشل کوارڈینیشن کمیٹی نے سفارش وزیراعظم کو بھجوائی تھی، یہ فیصلہ بیرون ملک مقیم پاکستانی طلبا اور سیاحوں کی وطن واپسی میں مشکلات کے پیش نظر کیا گیا جبکہ آئندہ مشتبہ مسافروں کو ایئرپورٹ سے قرنطینہ منتقل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ملک کے 7 بڑے شہروں میں بڑے ہوٹل حاصل کر کے قرنطینہ میں تبدیل کیے جائیں گے، ہوٹلوں میں اٹیچ باتھ والے کمروں میں صرف مشتبہ مریضوں کو رکھا جائے گا۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ میں قرنطینہ قائم کیے جائیں گے۔

وزیر اعظم عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہاکہ انھوں نے فوری چمن بارڈر کھولنے کی ہدایت کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی وبا کے باوجود افغان بہن بھائیوں سے تعاون کرے گا۔