سندھ حکومت کا پہلی بار ایسا پروگرام کہ محنت کش مزدورں کے چہرے کھل اٹھے، تفصیلات آگئیں

 
0
778

کراچی مارچ 20 (ٹی این ایس): وزیر تعلیم و محنت سعید غنی کی زیرصدارت ورکرز ویلفیئر بورڈکی گورننگ باڈی کا اجلاس ہوا، جس میں سیکرٹری محنت عبدالرشید سولنگی، گورننگ باڈی کے ارکان شریک ہوئے۔

اجلاس میں محنت کش و مزدوروں کے بچوں کو اعلیٰ نجی تعلیمی اداروں میں تعلیم دلانے کا فیصلہ کرلیا گیا، وزیر تعلیم نے کہا ایسے بچوں کے اخراجات ورکر ویلفیئر بورڈ ادا کرے گا، بچوں کو اعلیٰ تعلیم دلاکر معاشرے میں اعلیٰ مقام ملے یہ پارٹی کا منشور ہے۔

اجلاس میں رجسٹر مزدوروں کے اکاؤنٹ میں فی بچہ6 ہزار روپے جمع کرانے کی بھی منظوری دے دی گئی، سعید غنی کا کہناتھا کہ امپلائرز اور مزدوروں کو خط لکھ کر ان کا اکاؤنٹ نمبرحاصل کیا جائےگا۔

گز۱شتہ روز صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا تھا کہ کوشش ہے روزانہ اجرت پر کام کرنے والوں کو معاشی مشکل نہ ہونے دی جائے،کاروباری مراکز کی بندش سے مزدوروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

وزیر تعلیم سندھ نے کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے مزدوروں کے حوالے سے ایک کمیٹی فوری تشکیل دی ہے، 24 سے 48گھنٹے میں روزانہ اجرت والوں کی امداد کا کام شروع کردیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں مل کر اس وبا سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے۔

اس سے قبل سندھ حکومت نے ضرورت مند افراد کے لئے صوبے بھر میں مفت راشن تقسیم کے لیے ہیلپ لائن بنانے کا فیصلہ کیا تھا، ہیلپ لائن پر رجسٹریشن کے بعد شہریوں کے گھروں تک ایک ماہ کا راشن پہنچایا جائےگا۔

پہلےمرحلے میں 20 لاکھ خاندانوں کو ایک ماہ کا راشن دیا جائے گا، مخیرحضرات، این جی اوز بھی راشن کی تقسیم میں سندھ حکومت کی معاونت کریں گے۔