عالمی بنک، آئی ایم ایف، ایشیائی ترقیاتی بنک اوردیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ قرضوں میں رعایت دینے کے معاملے پررابطہ ہے،حماد اظہر

 
0
41088

اسلام آباد ۔ 27مارچ (ٹی این ایس): اقتصادی امورکے وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا ہے کہ پاکستان کا عالمی بنک، آئی ایم ایف ،ایشیائی ترقیاتی بنک اوردیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ قرضوں میں رعایت دینے کے معاملے پررابطہ ہے،کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے عالمی سطح پرمعیشتوں پراثرات مرتب ہوئے ہیں اورملکی معیشت بھی اس سے متاثرہورہی ہے۔جمعہ کوایک انٹرویومیں انہوں نے کہاکہ کوروناوائرس کے اثرات کی وجہ سے پاکستان میں درآمدات اوربرآمدات دونوں پراثرات مرتب ہورہے ہیں، حکومت اس صورتحال کا گہرائی سے جائزہ لے رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ جو صورتحال بن رہی ہے اس کے مطابق کئی ممالک میں مقامی کرنسیوں کی قدر کم ہورہی ہے، کئی ممالک میں سٹیٹ بنکوں کے نمائندوں کو ڈالر کے مقابلے میں مقامی کرنسی کی قدرمیں کمی کے مسئلہ کا سامنا کرناپڑرہاہے۔حماداظہرنے کہاکہ پاکستان کا عالمی بنک، آئی ایم ایف، ایشیائی ترقیاتی بنک اوردیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ قرضوں میں رعایت دینے کے معاملے پررابطہ ہے، ضرورت اس امرکی ہے کہ عالمگیر وباء کی صورتحال کے تناظر میں غریب اورترقی پذیرممالک کو قرضوں کی ادائیگی میں خاطرخواہ سہولیات فراہم کی جائے۔حماداظہرنے کہاکہ پاکستان 600 اور1500 ملین ڈالر قرضہ کیلئے آئی ایم ایف، ایشیائی ترقیاتی بنک اوردیگر کریڈیٹرزسے رابطے کرے گا۔