اسلام آباد میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے، شہریوں کو اس مہلک وائرس سے متعلق آگاہی اور پورے اسلام آباد میں کیمیکل ا سپرے کرنے کے لیے اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ، سی ڈی اے اور ایم سی آئی کے ساتھ باہم مل کر بھر پور اقدامات اٹھا رہی ہے

 
0
40136

اسلام آباد مارچ 29 (ٹی این ایس): اس ضمن میں سی ڈی اے انتظامیہ نے سی ڈی اے اور ایم سی آئی کے 14 افسران و ملازمین ہیلتھ سروسز ڈائریکٹوریٹ کے حوالے کر دیئے ہیں تاکہ کرونا وائرس کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو موئثر بنایا جا سکے۔ ان 14افسران و ملازمین کو ہیلتھ سروسز ڈائریکٹوریٹ میں فوری رپورٹ کرنے کے احکامات کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
دریں اثناء اسلام آباد کے مختلف ہسپتالوں اور کاروباری مراکز میں کیمیکل اسپرے کرنے کے بعد اس کا دائرہ کار اسلام آباد کے رہائشی سیکٹروں تک پھیلا دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ، سی ڈی اے اور ایم سی آئی مل کر یہ اسپرے کر رہے ہیں اور اب تک اسلام آباد کے سیکٹر G-9،G-11اور F-10کے علاوہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں اسپرے کیا جا چکا ہے۔ اسکے علاوہ اسلام آباد کے سیکٹرآئی نائن، آئی ٹین، جی سکس اور جی سیون کے علاوہ اسلام آباد کی کچی آبادیوں میں بھی اسپرے جاری ہے۔ کیمیکل اسپرے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں شام تک جاری رہے گا۔
مزید برآں اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ بھارہ کہو بشمول یونین کونسل ہتھیال میں این ڈی ایم اے اور بحریہ ٹاؤن کے ساتھ معاونت کر کے کئے جانے والے اسپرے میں مطلوبہ افرادی قوت کے علاوہ تمام سہولیات بہم پہنچا رہی ہے۔ جہاں بحریہ ٹاؤن کی مشینری پورے علاقے میں جراثیم کش اسپرے کر رہی ہے۔
اسلام آباد میں کئے جانے والا کیمیکل اسپرے فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کے ذریعے کیا جا رہا ہے جبکہ اس میں واٹر ٹینکر بھی استعمال کئے جارہے ہیں۔ علاوہ ازیں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو کرونا وائرس کے مریضوں کی دیکھ بھال اور علاج سے متعلق ضروری تربیت بھی دی جا رہی ہے اور اسلام آباد کے شہریوں کو اس مہلک وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی تدابیر سے بھی آگاہ کیا جا رہا ہے۔