اسلام آباد (ٹی این ایس) ایف آئی اے اینٹی کرپشن اسلام آباد سیل کا کرپٹ افراد کیخلاف بڑا ایکشن ، مختلف اداروں کے بدعنوان ملازمین کیخلاف 7نئے مقدمات درج کر لئے گئے ۔
تفصیلات کے مطابق ملزمان حیات اللہ اور شفیح اللہ کی طرف سے خود کو آئی ایس آئی کا جعلی کرنل ظاہر کر کے اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں نوکری کا جھانسہ دیکر لاکھوں روپے ہتھیانے پر دونوں ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔ اسسٹنٹ ایڈمن فوسپاہ زرمینہ اقبال کیخلاف وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت کی خفیہ دستاویزات لیک کرنے پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔ڈائریکٹویٹ آف ملیریا کنٹرول اسلام آباد میں تنخواہوں اور الائونسز کی مد میں 53لاکھ روپے سے زائد کی خرد برد کرنے کے کیس میں اے جی پی آر کی درخواست پر اسسٹنٹ نثار احمد ، اعجاز احمد ، محمد عامر فاروقی ، امتیاز احمد اور انوار شاہ وغیرہ کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ، جبکہ خرد برد کی گئی رقم پہلے ہی برآمد کی جا چکی ہے ۔
پاکستان ٹیلی ویژن کے 6ملازمین کیخلاف جعلی ڈگریوں پر بھی مقدمہ درج کر لیا گیا ۔سابق اسسٹنٹ آڈٹ آفیسر اے پی او ررب نواز سمیت 23دیگر افسران و ملازمین کیخلاف حکومتی فنڈز میں34لاکھ روپے سے زائد کی مالی بدعنوانیوں پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔نسٹ یونیورسٹی کے سابق اکاونٹنٹ خاور محمود کیخلاف مالی ریکارڈ چرانے اور جعلی دستخطوں کے ذریعے مالی فائدے اٹھانے کا مقامہ درج کر لیا گیا ہے ۔نادرا کے سنیئر افسر صغیر احمدکیخلاف جعلسازی کے ذریعے لیٹر جاری کرنے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔













