اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے کرونا وائرس پر قابو پانے کے لیے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں 20 جراثیم کش واک تھرو گیٹ لگانے کا فیصلہ کر لیا

 
0
40694

اسلام آباد مارچ 30 (ٹی این ایس): اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے کرونا وائرس پر قابو پانے کے لیے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں 20 جراثیم کش واک تھرو گیٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اسلام آباد میں اس مہلک وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ کی ہدایت کی روشنی میں جراثیم کش واک تھرو گیٹ لگانے کے لیے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ واک تھرو گیٹ نصب کرنے کے لیے سی ڈی اے اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھر پور معاونت کر رہی ہے۔
ابتدائی طور پر یہ جراثیم کش واک تھرو گیٹ اسلام آباد کی سبزی منڈی میں دو گیٹ، پاک سیکرٹریٹ میں 03گیٹ، اسلام آباد میں واقع 08 کچی آبادیوں میں 08 گیٹ، اسلام آباد کی پناہ گاہوں میں 04گیٹ اور دیگر پبلک مقامات پر لگائے جا رہے ہیں۔
ان جراثیم کش واک تھرو گیٹ سے گذرنے کے بعد جراثیم کا خاتمہ ہو جاتا ہے۔ سبزی منڈی میں 20 فٹ لمبے یہ گیٹ لگائے جا رہے ہیں۔ ان میں سے ایک انٹری گیٹ پر جبکہ دوسرا خارجی راستے پر نصب کیا جا رہا ہے۔ ان واک تھرو گیٹ کی لمبائی اس لیے رکھی گئی ہے تاکہ سبزی منڈی میں روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں لوگوں کی آمدروفت ہوتی ہے۔
نصب کئے جانیو الے ان واک تھرو گیٹس پر کلورین ملا اسپرے24گھنٹے موجود رکھنے کو یقینی بنانے کے لیے واٹر بوزر کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جو ان گیٹ کے ساتھ موجود کلورین والے پانی کی ٹینکوں میں پانی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ اس بات کو بھی یقینی بنا رہی ہے کہ کلورین ملے پانی کے اسپرے کے لیے وزارت صحت کی طرف سے منظور کئے جانے والے SoPsپرعملدرآمد کیا جائے۔