“پاک فوج تجھے سلام”

 
0
1051

تحریر: اعجاز علی ساغر اسلام آباد
کسی بھی ملک میں فوج کا رول بہت اہم ھوتا ہے جو اپنے ملک اور قوم کی حفاظت کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتی حالات خواہ جیسے بھی ھوں فوج ہر سطح پہ ہر اول دستے کا کردار ادا کرتی ہے۔ دنیا کے وہ ممالک جن کی افواج کسی بھی طرح سے کمزور ہیں ان کا حال بہت برا ہے آپ کو چند ایسے ممالک کی مثال دوں گا جن کی افواج کی کمزوری نے ان کو محکوم قوم بنا کر رکھ دیا ہے ان کی تفصیل میں نہیں جاتے لیکن آپ کویت,افغانستان,صومالیہ سمیت عرب ریاستوں کو دیکھ لیں جن کے پاس وسائل کی کمی نہیں ہے ماسوائے صومالیہ اور افغانستان کے لیکن ان کی افواج کی کمزوری نے ان کو غلام بنادیا۔ پاکستانی قوم اپنی افواج پاکستان پہ نازاں ہے جس نے محدود وسائل کے باوجود دنیا میں اپنا لوہا منوایا ہے۔پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی دنیا کی نمبر ون ایجنسی ہے یہ میں نہیں کہہ رہا دنیا کہہ رہی ہے آپ گوگل پہ جاکر خفیہ ایجنسیوں کی ریٹنگ سرچ کریں بطور پاکستانی اس وقت سر فخر سے بلند ھوجاتا ہے کہ آئی ایس آئی کو سرفہرست دیکھتے ھیں۔ پاکستان کا شمار ترقی پذیر اور غریب ممالک میں ھوتا ہے جہاں وسائل کی بہت قلت ہے تقریباً 22 کروڑ نفوس پہ مشتمل اس ملک کو اپنے قیام سے ہی مشکلات کا سامنا ہے یہ ان ایشیائی ممالک کی صف میں کھڑا ہے جن کی زیادہ آبادی غربت کی لکیر سے نیچے کی زندگی گزارتے ھیں لیکن الحمدللہ یہ ملک محکوم نہیں ہے کیونکہ افواج کا شمار پاکستان دنیا کی بہترین افواج میں ھوتا ہے۔ جنگ ھو یا قدرتی آفات,سیلاب آئے یا زلزلہ پاک فوج نے ھمیشہ سول انتظامیہ کیساتھ ملکر فرنٹ فٹ پر رہتے ھوئے خدمات سرانجام دی ہیں۔ ایک چھوٹا سا واقعہ یہاں پیش کروں گا کہ 2010 کا سیلاب اپنی تباہ کاریوں کے ساتھ عروج پہ تھا ضلع جھنگ کے ایک گاؤں میں سیلاب سے یہ صورتحال پیدا ھوگئی تھی کہ لوگ جہاں تھے وہیں پھنس گئے ایک خاندان بری طرح پھنس گیا کہ سول انتظامیہ نے جواب دیدیا کیونکہ اس جگہ جانا موت کو دعوت دینے کے مترادف تھا اس وقت آرمی کے جوانوں نے فیصلہ کیا کہ ہم اس خاندان کو بچائیں گے لہذا وہ اس موت کی طرف روانہ ھوگئے اور موت کو شکست دیتے ھوئے باقی افراد کو تو لے آئے لیکن ایک فرد کہیں رہ گیا۔ کچھ دیر میں سیلابی پانی ان کے کچے مکانوں کو بہا کر لے جانے والا تھا اب اس گھر کا سربراہ تڑپ تڑپ کر اور رو رو کر اپنے اس فیملی ممبر کو بچانے کیلئے ہاتھ پاؤں جوڑنے لگا۔ سب خاموش تھے اس دوران وہ بے بسی کے عالم میں روتے ھوئے پانی میں کود پڑا کہ میں مرجاؤں گا لیکن اپنے فیملی ممبر کو اسطرح مرتے نہیں دیکھ سکتا۔ اسی اثناء میں ایک شیرجوان بہادر فوجی نے ہمت باندھی اور بڑی کوششوں کے بعد اس فرد کو زندہ نکال لایا۔ یہ واقعہ دس سال پرانا اور میرا آنکھوں دیکھا ہے اس دن سے میرے دل میں پاک فوج کیلئے عزت مزید بڑھ گئی۔ پاکستان نے 1998 میں ایٹمی طاقت کا مظاہرہ کرتے ھوئے دنیا پہ دھاک بٹھا دی اور دنیا کو بتادیا کہ ھماری افواج کسی بھی محاذ پر لڑنے کیلئے ہر وقت تیار ہیں۔ پاک فوج کا کردار دنیا کے امن کیلئے کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے اقوام متحدہ کے امن مشن میں درجنوں امن کے داعی شہید ھوچکے ھیں اور ہزاروں غازی مختلف ممالک میں امن کیلئے فرائض نبھا رہے ھیں۔ پاکستانی افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو پوری دنیا سراہتی ہے۔ موجودہ عالمی وباء کرونا نے پوری دنیا میں اودھم مچا کے رکھ دیا ہے اس وباء سے 12 لاکھ افراد متاثر ھوچکے ھیں اور ایک محتاط اندازے کے مطابق 63 ہزار افراد لقمہ اجل بن چکے ھیں۔ امریکہ,اٹلی,فرانس اور اسپین جیسے ترقی یافتہ ممالک نے اس کے سامنے ہتھیار ڈال دیے اور لوگوں کو مرتا دیکھنے لگےاس وائرس نے پاکستان کو بھی متاثر کیا اور مجبوراً وزیراعظم پاکستان عمران خان کو ملک لاک ڈاؤن کرنا پڑا اور ایک بار پھر پاک آرمی کو اس مشکل گھڑی میں فرنٹ فٹ پر آنے کا کہا گیا پاک آرمی آرٹیکل 45 کے تحت سول انتظامیہ کی مدد کو آگئی۔ پاک فوج نے پورے ملک میں 182 قرنطینہ سینٹرز قائم کردیے ہیں اور میڈیکل سٹاف بھی میدان میں آچکا ہے۔ پاکستان آرمی نے دس سال سے کم وقت میں اندرونی دہشت گرد عناصر اور ان کے ٹھکانوں کو ختم کیا اس حوالے سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سربراہی میں دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی۔ جبکہ لیبیا,شام اور عراق انہی عناصر کی وجہ سے خانہ جنگی کا شکار ھوگئے اسی طرح امریکا اور نیٹو افواج مل کر بھی افغانستان میں ان عناصر کو شکست نہ دے سکے اور ہار مان کر ہتھیار ڈال دیے اور پھر اسی آرمی کی توسط سے افغانستان سے قدم نکالے۔ فروری 2019 میں بھارت نے جارحیت کرتے ھوئے LOC کی خلاف ورزی کرتے ھوئے اپنے جنگی طیارے پاکستان میں اتار دیے اس دوران پاکستان کی مستعد فورسز نے ان طیاروں کو مار گرایا اور ان کے پائلٹ کو گرفتار کرلیا گیا لیکن بعد میں پاکستان نے امن کی بہترین مثال قائم کرتے ھوئے اسے چھوڑ دیا۔ پاک فوج جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بخوبی کرتی ہے اس کا اندازہ آپ اس بات سے لگالیں کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را کا ایجنٹ کلبھوشن یادیو جوکہ نیوی کا حاضر سروس افسر تھا کو پاک آرمی نے گرفتار کرلیا۔ یہ خفیہ جاسوس پاکستان میں مختلف تخریبی سرگرمیوں میں ملوث رہا تھا پاک آرمی نے را کے اس نیٹ ورک کا مکمل خاتمہ کیا اور ان کے تمام ایجنٹس کو گرفتار کرلیا۔ پاکستان آرمی کا شمار دنیا کی بہترین آرمی میں ھوتا ہے اور اس وقت رینکنگ میں یہ 11 ویں نمبر پر ہے۔ پاک فوج نے دہشت گردی کا بڑی جوانمردی سے مقابلہ کیا ہے اور ہزاروں جوانوں کی قربانیاں دی ہیں۔ اس ملک کی حفاظت اور پوری دنیا میں امن کیلئے پاک فوج کا کردار مثالی ہے پوری پاکستانی قوم اپنی فوج پر نازاں ہے ھمیں بطور پاکستانی اپنی فوج پہ فخر ہے کیونکہ ہمارے سکون کی خاطر سرحدوں پر اپنا سکون اور آرام قربان کرنیوالے فوجی ھماری حفاظت کیلئے ہر وقت تیار کھڑے ہیں دن ھو یا رات گرمی ھو یا سردی,آندھی ھو یا طوفان پاک فوج اس ملک اور قوم کیلئے ہر وقت تیار ہے تبھی تو پوری قوم کا ایک ہی نعرہ ہے کہ پاک فوج ھمیں آپ سے پیار ہے۔
پاک فوج زندہ باد پاکستان پائندہ باد