سی ڈی اے نے اسلام آباد کے ہاؤسنگ منصوبے پارک انکلیو II- میں 450کنال اراضی کا قبضہ حاصل کر نے کی تیاریاں مکمل کر لی

 
0
539

اسلام آباد اپریل 06 (ٹی این ایس): چیئرمین سی ڈی اے کی سربراہی میں منعقدہ ایک اجلاس کے دوران متعلقہ شعبوں کو ہدایت جاری کیں ہیں کہ پارک انکلیوII- کی خالی زمیں کا قبضہ فوری طور پر حاصل کیا جائے کیونکہ متعلقہ تمام امور کو نمٹایا جا چکا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی ہے کہ پارک انکلیوII- میں ترقیاتی کاموں کے آغاز کو یقینی بنانے کے لیے سی ڈی اے۔ڈی ڈبلیو پی (CDA-DWP) کا خصوصی اجلاس اگلے دس دنوں میں بلایا جائے تاکہ اس منصوبے کی ترقیاتی سرگرمیاں شروع کی جا سکیں تاہم متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس منصوبے کے تر قیاتی کام اگلے ماہ مئی تک شروع کر دیئے جائیں اور اس میں مزید تاخیر بالکل نہ کی جائے۔
اس موقع پر پارک انکلیو کے پراجیکٹ ڈائریکٹر نے بتایا کہ پارک انکلیوI- میں سرکاری اراضی پر قبضے سے متعلق زیادہ تر امور نمٹا دیئے گئے ہیں اور باقی ماندہ چھوٹے مسائل بھی حل ہو رہے ہیں تاہم اس وقت پارک انکلیوI- کی زیادہ تر گلیوں میں کوئی مسائل نہیں ہیں اور لوگ گھروں کی تعمیر کر رہے ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے پارک انکلیوI-میں مسجد کی تعمیر کو مقررہ مدت ہی میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ یہ مسجد مراکش کی حکومت کی طرف سے تحفہ کے طور پر تعمیر کی جا رہی ہے اور یہ عظیم الشان مسجد اسلام آباد کی بڑی مساجد میں سے ایک ہو گی۔
ڈائریکٹر جنرل ورکس سی ڈی اے نے اجلاس کو بتایا کہ اسلام آباد کے سیکٹر آئی12-اورE-12کے باقیماندہ ترقیاتی کاموں کے ٹینڈر اگلے تین ہفتوں میں جاری کر دیئے جائیں گے اور ان سیکٹروں میں ترقیاتی کام مئی کے مہینے میں شروع کر دیئے جائیں گے جبکہ اسلام آباد کے سیکٹر آئی 15- میں ترقیاتی کام رواں ماہ اپریل ہی میں شروع کر دیئے جائیں گے۔