کورونا وائرس: ملک بھر میں تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 7,481 جبکہ 1,832 افراد صحتیاب

 
0
226

اسلام آباد اپریل 18 (ٹی این ایس): پاکستان میں کورونا وائرس سے آج مزید اموات ہوئی ہیں جس کے بعد جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 143 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 7,481 تک پہنچ گئی۔

آج کے کیسز کی صورتحال

آج بروز ہفتہ ملک میں اب تک کورونا کے مزید 112کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 5 ہلاکتیں بھی سامنے آئی ہیں۔

آج اب تک خیبرپختونخوا سے 84 کیسز 5 ہلاکتیں، پنجاب 19 کیسز اور اسلام آباد سے مزید 9 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

خیبرپختونخوا

کے پی سے آج کورونا کے اب تک مزید 84 کیسز سامنے آئے ہیں اور 5 ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوئی ہیں جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت نے کی۔

صوبے میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی کیسز 1077 ہوگئے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 50 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق کورونا سے انتقال کرنے والوں میں 3 افراد کا تعلق پشاور اور 2 کا مانسہرہ سے ہے۔

محکمہ صحت نے بتایا کہ صوبے میں کورونا سے اب تک 216 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

پنجاب

پنجاب میں آج بروز ہفتہ کورونا وائرس کے اب تک مزید کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 3319 ہوگئی جب کہ 37 افراد اب تک کورونا سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے نئے کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں 701 زائرین، 1353 تبلیغی ارکان، 91 قیدی اور 1265عام شہری کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔

ترجمان کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا سے 672 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت سے آج کورونا کے مزید 9 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔

اسلام آباد میں نئے کیسز کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 163ہوگئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک کورونا سے صرف ایک مریض کا انتقال ہوا ہے۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 209 کیسز سامنے آئے اور 2 ہلاکتیں بھی ہوئیں جس کی تصدیق صوبائی ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کی۔

مرتضیٰ وہاب کے مطابق صوبے میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2217 ہوگئی ہے اور ہلاکتیں 47 ہوگئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں مزید 5 افراد صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 581 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

بلوچستان میں کیسز کی مجموعی تعداد 335 ہوگئی ہے جب کہ 5 افراد وائرس سے جاں بحق ہوئے ہیں۔

صوبائی ترجمان لیاقت شاہوانی نے بلوچستان میں مزید کیسز کی تصدیق کی۔

بلوچستان میں کورونا کے 142 مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کورونا کے مزید 5 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 250 ہو گئی۔

گلگت بلتستان میں اب تک 192 افراد صحتیاب ہوگئے ہیں جبکہ زیر علاج مریضوں کی تعداد صرف 55 رہ گئی ہے۔

گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 3 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ بھی شامل ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں 2 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد وہاں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 48 ہوگئی ہے تاہم اب تک کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔