2018کاانتخاب میرا آخری الیکشن ہو گا ،اس کے بعد سیاست سے ریٹائر ہوجاؤں گا، وزیراعلیٰ سندھ  

 
0
300

کراچی جولائی21(ٹی این ایس)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ 2018کاانتخاب میرا آخری الیکشن ہو گا ،اس کے بعد سیاست سے ریٹائر ہوجاؤں گا۔یہاں خصوصی انٹرویومیں انہوں نے کہاکہ وزیراعلی بننے کے بعد تعلیم وصحت کے شعبے ان کی اولین ترجیح رہے ہیں ۔ مسائل کا علم ہے مگر بدقسمتی سے میری وزارت اعلی کے ایک سال میں مذکورہ دونوں شعبوں میں زیادہ کامیابی نہیں مل سکی ہے ۔صوبے سے قومی سیاست میں جانے اور اپنا کردار ادا کرنے سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ بات پارٹی لیڈرشپ پر منحصر ہے کہ وہ اس بارے کیا فیصلہ کرتی ہے۔وزیراعلی سندھ سید مرادعلی شاہ نے اپنے انٹرویو میں اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے مختلف پہلوؤں ، سیاسیات سے کہیں آگے کے معاملات پر بھی روشنی ڈالی۔ اپنی تفصیلی بات چیت میں انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ وزیراعلی ہونے کے باوجود انہیں کتنی انتظامی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔وزیراعلی نے کہا کہ ہم انسانی سرمائے کی قلت کا شکار ہو چکے ہیں،ڈاکٹروں کی مثال لی جا سکتی ہے،میں اب بھی ڈاکٹر بھرتی کرنے کی کوشش کر رہا ہوں مگر تاحال اس میں کامیا ب نہیں ہو سکا۔ وزیراعلی نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ صوبے میں ڈاکٹروں کی 6ہزار سے زائد اسامیاں خالی پڑی ہیں گزشتہ تین سال سے ہم ڈاکٹر بھرتی کرنے کی کوشش میں ہیں مگر کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔ترقیاتی منصوبوں پر جاری کام چیک کرنے کے لیے اپنے اچانک دوروں سے متعلق سوال پر وزیراعلی سید مرادعلی شاہ نے کہا کہ وہ دورے کرتے رہتے ہیں اور ان کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ اس سلسلے میں میڈیا کو اطلاع دیں اور نہ ہی صحافی ان کے ساتھ ہوں ۔