کورونا وائرس: ملک بھر میں تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 11,155 جبکہ 2,527 افراد صحتیاب

 
0
306

اسلام آباد اپریل 24 (ٹی این ایس): ملک بھر میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 11 ہزار 155 ہوگئی ہے جب کہ یہ وائرس اب تک 237 افراد کی جان لے چکا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کورونا کے 642 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد کورونا کے مجموعی کیسز بڑھ کر 11 ہزار 155 تک جا پہنچی ہے جب کہ فعال مریضوں کی تعداد 8 ہزار391 ہے۔

سندھ

سندھ میں آج کورونا کے مزید 298 کیسز سامنے آئے اور 4 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ نے کی۔

مراد علی شاہ کے مطابق نئے کیسز کے بعد صوبے میں کل مریضوں کی تعداد 3,671 اور ہلاکتیں 73 ہوگئی ہیں جن میں سے 67 ہلاکتیں کراچی میں ہوئی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبے میں رپورٹ کیسز میں ہلاکتوں کی شرح 1.98 فیصد ہے جب کہ سندھ میں کل 2934 مریض زیرعلاج ہیں۔

صوبائی حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 15 افراد صحت یاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 730 ہوگئی ہے۔

پنجاب

پنجاب میں جمعرات کو کورونا وائرس کے مزید 177 کیسز اور 9 ہلاکتیں سامنے آئیں جس کے بعد صوبے میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 65 ہوگئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے مطابق صوبے میں کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 4767 ہوگئی ہے جبکہ صوبے میں اب تک وائرس سے 905 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا وائرس کے مزید 10 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔

پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 214 ہوگئی ہے جب کہ شہر میں اب تک وائرس سے 3ا فراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں جمعرات کو کورونا کے مزید 55 کیسز سامنے آئے جبکہ مزید 2 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں جس کی تصدیق محکمہ صحت کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔

صوبے میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 607 اور ہلاکتوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا میں جمعرات کو 88 نئے کیسز اور 2 ہلاکتیں سامنے آئیں جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 85 تک پہنچ گئی جب کہ مجموعی کیسز 1541 ہوگئے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں اب تک 455 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں جمعرات کو مزید 10 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 300 ہوگئی جب کہ اب تک 212 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق گلگت میں زیر علاج افراد کی مجموعی تعداد 85 رہ گئی ہے اور صحتیابی کا تناسب 73 فیصد سے زائد ہے۔

گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں جمعرات کو کورونا وائرس کے 4 نئے کیسز سامنے آئے جس کی تصدیق آزاد کشمیر کے فوکل پرسن برائے کورونا ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر نے کی۔

نئے کیسز سامنے آنے کے بعد علاقے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 55 ہوگئی ہے۔