پیٹرول بحران، ایف آئی اے نے آئل کمپنیز کے سربراہان کو طلب کرلیا

 
0
269

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ایف آئی اے نے تحقیقات کا آغاز کردیا، تین مختلف آئل کمپنیز کے سربراہان کو نوٹس جاری
اسلام آباد 10 جون 2020 (ٹی این ایس): ایف آئی اے نے آئل کمپنیز کے سربراہان کو طلب کرلیا، وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ایف آئی اے نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، تفصیلات کے مطابق ملک میں جاری پیٹرول کے بحران سے نمٹنے کیلئے ایف آئی اے نے آئل کمپنیز کے سربراہان کو طلب کرلیا ہے۔ایف آئی اے کی جانب سے جاری نوٹس میں لکھا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کے بحران اور بجلی مارکیٹنگ میں متعلقہ کمپنی کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔3 آئل کمپنیوں کے سربراہاں کو طلب کرلیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق کمپنیوں کے سربراہان کو 11 جون کی دوپہر ایک بجے ایم اے جناح روڈ پر واقع ایف آئی اے کے دفتر پیش ہونے کا کہا گیا ہے، جہاں وہ پیٹرولیم بحران پر اپنا بیان قلمبند کروائیں گے۔خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت پر برہمی کا اظہار کیا تھا اور بحران پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا تھا۔گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں پیٹرولیم مصنوعات پر گرما گرم گفتگو ہوئی تھی۔ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پر وزیراعظم عمران خان اور کابینہ اراکین نے سخت برہمی کا اظہار کیا تھا۔ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا تھا کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹر اتھارٹی اوگرا غفلت کی نیند سوتا رہا، پیٹرول پمپس کے باہر لمبی قطاریں لگ گئیں۔اس موقع پر وزیر توانائی عمر ایوب کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 12 ڈالر اضافے کے بعد کچھ کمپنیوں نے خریداری روکی۔ انہوں نے بتایا کہ جن کمپنیوں نے اسٹاک ختم کیا ان کے لائسنس منسوخ کیے جارہے ہیں۔ اجلاس کی کارروائی سے متعلق ذرائع نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے شوگر انکوائری کمیشن رپورٹ کی روشنی میں کارروائیوں کی منظوری دے دی ہے۔