آرمی چیف کا بل گیٹس سے رابطہ، ٹیکنالوجی کے ذریعے نظام صحت کو بہتر بنانے پر تبادلہ خیال

 
0
1362

اسلام آباد 11 جون 2020 (ٹی این ایس): چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پولیو مہم کو قومی فریضہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج پولیو مہم میں سیکیورٹی اور پولیو ٹیموں کی استعداد کار بہتر بنانے میں تعاون کر رہی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ ڈی جی میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے یہ بات مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس سے ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو میں کہی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ٹیلی فون کال پاکستان میں پولیو کےخاتمے کے لیے جاری مہم کے تناظر میں تھی۔

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بل گیٹس سے ہونے والی بات چیت میں کہا کہ کورونا کے باوجود پاک فوج حکومت کی انسداد پولیو مہم کی تیاریوں میں شامل ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے شعبہ صحت کے اہم اقدامات میں کردار ادا کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ پولیو مہم میں کام کرنے والے ہیلتھ ورکرز نے کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پرکام کیا ہے۔

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بل گیٹس سے بات چیت کے دوران اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی بہتری اورعوام کی فلاح کے لیے کسی بھی کام کی بھرپور حمایت کریں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بات چیت میں وبا کے مستقبل اور ٹیکنالوجی کے ذریعے نظام صحت کو بہتر بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بل گیٹس اوران کی فاؤنڈیشن کا بیماریوں کے خاتمے میں کردار پر شکریہ ادا کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے پاک فوج کے پولیو مہم میں کردار کو سراہا۔