صحت، تعلیم اور سڑک کے بنیادی ڈھانچہ کے ساتھ کچی آبادیوں کو ترقی یافتہ علاقوں میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، صدر ڈاکٹر عارف علوی کا کچی آبادیوں سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اظہارخیال

 
0
461

اسلام آباد 24 جون 2020 (ٹی این ایس): صدر ڈاکٹر عارف علوی نے صحت، تعلیم اور سڑک کے بنیادی ڈھانچہ کے ساتھ کچی آبادیوں کو ترقی یافتہ علاقوں میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت ہاﺅسنگ اینڈ ورکس اور دیگر متعلقہ ادارے ان علاقوں کی ترقی کےلئے کمیونٹی اور نجی شعبہ سے مل کر حکمت عملی وضع کریں، ان علاقوں میں مقیم افراد کے رہائشی مسائل کے حل کےلئے بھی طریقہ کار تیار کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایوان صدر میں کچی آبادیوں سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیئرمین نیا پاکستان ہاﺅسنگ اتھارٹی (این پی ایچ اے) لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور حیدر، ڈپٹی چیئرمین این پی ایچ اے میجر جنرل عامر اسلم خان، سیکرٹری ہاﺅسنگ اینڈ ورکس ڈاکٹر عمران زیب خان اور گورنر سندھ عمران اسماعیل اور رکن صوبائی اسمبلی فردوس شمیم نقوی اور چیئرمین سندھ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ ثمر علی خان نے کراچی سے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں کراچی میں جمشید کوارٹرز، پاکستان کوارٹرز اور ریلوے کچی آبادیوں کی ترقی اور ان کے مکینوں کو متبادل انتظامات کی فراہمی کے سلسلہ میں مختلف ا قدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ وزارت ہاﺅسنگ اینڈ ورکس اور دیگر متعلقہ ادارے ان علاقوں کی ترقی کےلئے کمیونٹی اور نجی شعبہ سے مل کر حکمت عملی وضع کریں۔ ان علاقوں میں مقیم افراد کے رہائشی مسائل کے حل کےلئے بھی طریقہ کار تیار کیا جائے۔ اجلاس میں چیف جسٹس آف پاکستان کی ان امور کو حل کرنے میں گہری دلچسپی کو سراہا گیا۔