لاہور 18 جولائی 2020 (ٹی این ایس): وزیراطلاعات پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حکومت منظور پاپڑ فروش جیسے کرداروں سے خیرات نہیں لے رہی، نارووال کے ارسطو کو دکھ ہے کہ انہیں تنقید کا موقع نہیں مل رہا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئےانہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن والے آج دوسروں کے کندھوں پر بندوق رکھ کر چلا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد 5.39 سے کم ہو کر 0.74 فیصد تک آ گئی ہے، آج پاکستان وینٹی لیٹرزاور پی پی ایز بنانے میں خود کفیل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے 14 ہزار ڈاکٹرز اور 18 ہزار ہیلتھ کیئر ورکرز کو بھرتی کیا جبکہ پنجاب میں 9 بڑے اسپتالوں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔
خیال رہے کہ آج لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا تھا کہ پنجاب کی تباہی دیکھ کر خاموش تماشائی نہیں رہ سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب سے کس بات کابدلہ لیاجارہا ہے؟۔ ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈلاگیا۔ پی ٹی آئی حکومت کو ڈزاسٹر گورننس کہیں گے۔