سیاحت سے جڑے افراد کے لیے خوشخبری، ملک میں 60 نئے سیاحتی مقامات کھولنے کی تیاری

 
0
6810

اسلام آباد 03 ستمبر 2020 (ٹی این ایس): سیاحت کو فروغ دینے کے لیے 2022 تک پاکستان میں 60 نئےسیاحتی مقامات کھولنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سیاحت کے فروغ کیلئےنیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی این سی سی کا پہلا اجلاس ہوا جس کی صدارت کمیٹی کے کنوینر زلفی بخاری نے کی۔اجلاس میں چاروں صوبوں،گلگت بلتستان، آزاد کشمیر،وفاقی محکموں کےنمائندوں نے شرکت کی۔

زلفی بخاری نے کہا کہ چاروں صوبے میں10نئےسیاحتی مقامات کی نشاندہی کریں، ہرصوبہ اگلے اجلاس میں نئے سیاحتی مقامات کی رپورٹ کمیٹی کوجمع کرائے ان مقامات پر سیاحوں کیلئےسہولیات کا بندوبست کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایک سال میں نئے سیاحتی مقامات عوام کیلئےکھولنے کو یقینی بنائیں، صوبوں کی مددکیلئےکمیٹی عالمی اداروں کی مفت کنسلٹنسی دینےکوتیار ہے،بدھا ٹریل پر میپنگ کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، جاپان، چائنا اور کوریا اس ٹریل پر فنڈز دینےکو تیارہیں۔

زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے سیاحتی مقامات نقصان اٹھانا پڑا ، سردیوں میں سیاحتی مقامات میں سیاحوں کیلئے سہولیات کو یقینی بنائیں اور تمام صوبے تجاوزات سےمتعلق رپورٹ کمیٹی کو پیش کریں، قلیل اور طویل منصوبوں کی تفصیلات بھی کمیٹی کو جمع کرائیں ہر صوبہ اور محکمہ کمیٹی کے لئے مستقل فوکل پرسن نامزد کرے۔