پاکستان سٹیزن پورٹل سے متعلق وزیر اعظم کا نیا فیصلہ

 
0
223

اسلام آباد 09 ستمبر 2020 (ٹی این ایس): وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پاکستان سٹیزن پورٹل ویب سروس تیار کر لی گئی ہے، معاون خصوصی زلفی بخاری نے سٹیزن پورٹل ویب سروس کا افتتاح کر دیا۔

وزیر اعظم آفس کا کہنا ہے کہ سٹیزن پورٹل کی توسیع سے مزید 8 کروڑ پاکستانی مستفید ہوں گے، اس سے قبل یہ سہولت 3 کروڑ 50 لاکھ پاکستانیوں کو میسر تھی، اس ویب سروس سے عوام کی 8600 اداروں تک شکایات کے اندراج کے لیے رسائی ممکن ہوگی۔

سٹیزن پورٹل ایپ کو آئندہ ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں بھی پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیر اعظم آفس نے کہا ہے کہ پورٹل ایپ پر اب تک 28 لاکھ لوگوں کو رجسٹر کیا جا چکا ہے۔

واضح رہے کہ 13 اگست کو وزیر اعظم پرفارمنس ڈیلیوری یونٹ کی جانب سے سٹیزن پورٹل کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ پاکستان سٹیزن پورٹل کو عوام میں مسلسل پذیرائی حاصل ہو رہی ہے، پورٹل پر رجسٹرڈ شہریوں کی تعداد 28 لاکھ تک جا پہنچی ہے جب کہ لاکھوں شہریوں نے سٹیزن پورٹل کے ذریعے ریلیف ملنے کی تصدیق کی۔

پاکستان سٹیزن پورٹل پر شکایات کی تعداد 23 لاکھ ہے جب کہ پورٹل پر حل شدہ شکایات کی تعداد 22 لاکھ تک جا پہنچی ہے، اعداد و شمار کے مطابق پنجاب کی 1038351 میں سے 976482 شکایات حل ہو چکی ہیں، وفاق کی 875026 میں سے 781094 شکایات اختتام کو پہنچیں جب کہ کے پی کی 266276، سندھ میں 149898 شکایات اور بلوچستان کی 20031 شکایات حل کی گئیں۔