پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین سردار تنویر الیاس خان کی وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات

 
0
472

لاہور 08 ستمبر 2020 (ٹی این ایس): پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے چئیرمن سردار تنویر الیاس خان نے آج وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کی۔ سردار تنویر الیاس نے وزیر اعلیٰ کو پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کی کارکردگی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے پنجاب میں سرمایہ کاری کے امکانات اور دلچسپی کے بارے میں بریفننگ دی۔
سردار تنویر الیاس نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ بہت جلد بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس منعقد کرے گا۔ اس کانفرنس میں دنیا بھر سے آ نے والے سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے روشن مواقع سے آگاہ کیا جائے گا نیز حکومت پنجاب کی طرف سے سرمایہ کاروں کو دستیاب سہولیات کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس کانفرنس سے نہ صرف پنجاب میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا بلکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق عوام کے لئے روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔ کانفرنس میں اوور سیز پاکستانیوں کو خصوصی طور پر پنجاب میں سرمایہ کاری کے امکانات سے آگاہ کیا جائے گا نیز انہیں پنجاب میں محفوظ سرمایہ کاری کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔
سردار تنویر الیاس نے وزیر اعلیٰ کو مزید آ گاہ کیا کہ کورونا سے قبل جن کمپنیوں نے پنجاب میں ویسٹ مینجمنٹ اور سیورج ٹریٹمنٹ میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی، ان سے دوبارہ رابطہ کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم پاکستان اور پنجاب حکومت کی موثر پالیسیوں کی وجہ سے کورونا وبا پر قابو پا لیا گیا ہے اور اب پاکستان بالخصوص پنجاب میں معاشی سرگرمیاں بحال ہو چکی ہیں۔ زراعت، ڈیری، لائیو سٹاک کے شعبوں نیز سپیشل اکنامک زونز میں بیرونی سرمایہ کاروں کے لئے وسیع مواقع موجود ہیں۔ پنجاب حکومت کی رہنمائی میں پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ان تمام شعبوں میں برآمدات بڑھانے کے لئے مسلسل کام کر رہا ہے۔
برآمدات میں اضافے سے پاکستانی مصنوعات کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل ہو گی، کثیر زر مبادلہ حاصل ہو گا اور ان شعبوں سے منسلک افراد کو روزگار کے نئے مواقع بھی میسر آ ئیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کی کاوشوں کو سراہا اور سردار تنویر الیاس کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔