وزیراعظم شاہدخاقان اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ملاقات، کشیدہ صورتحال پرتبادلہ خیال

 
0
362

 

اسلام آباد،نو مبر26(ٹی  این ایس) : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے ملاقات کی،جس میں فیض آباد دھرنے سے متعلق کشیدہ صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے ملاقات کرکے فیض آباد دھرنے سے متعلق کشیدہ صورتحال اور وزیراعظم کی آرمی چیف سے متوقع ملاقات پربھی بات چیت کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف دونوں کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات متوقع ہے۔وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کے درمیان فیض آباد دھرنے سے نپٹنے کیلئے آئندہ کی حکمت عملی سے متعلق بھی غورکیا گیا۔میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت دھرنامظاہرین سے دوبارہ مذاکرات بھی کرناچاہتی ہے۔

تاکہ معاملات خوش اسلوبی سے حل ہوجائیں۔واضح رہے گزشتہ روزفیض آباد دھرنے پرحکومت کے آپریشن کے بعد ملک بھرمیں مذہبی جماعتوں کے دھرنے شروع ہوگئے ۔جس کے باعث حکومت نے ٹی وی چینلز کی نشریات آف ایئرکرنے سمیت فیس بک اور ٹویٹراور یوٹیوب بھی تاحکم ثانی بند کردی ہے۔کشیدہ صورتحال کے پیش نظرآرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کوفون بھی کیاکہ حالات کوپرامن طریقے سے کنٹرول کیاجائے۔جبکہ آرمی چیف متحدہ عرب امارات کادورہ مختصرکرکے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔