فلسطین میں امارات اور بحرین کے خلاف مظاہرے، اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کرنے والے فلطسنیوں کے غدار ہیں: مظاہرین

 
0
419

اسلام آباد 18 ستمبر 2020 (ٹی این ایس): فلسطین میں امارات اور بحرین کے خلاف مظاہرے جاری ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کرنے والے فلطسنیوں کے غدار ہیں۔ روس نے واضح کر دیا مسئلہ فلسطین حل کیے بغیرمشرق وسطیٰ میں امن کا قیام ممکن نہیں۔

اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کرنے والے عرب ملکوں کے خلاف فلسطینی سراپا احتجاج ہیں۔ غزہ میں متحدہ عرب امارات اور بحرین کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے، فلسطنیوں نے عرب حکمرانوں کے پوسٹر جلائے اور نعرے بازی کی۔

وائٹ ہاؤس کے باہر بھی فلسطین کے پرچم لہرائے گئے۔ مظاہرین نے امارات اور بحرین کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کی مذمت کی، شرکا نے عزم کیا کہ وہ فلسطین کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

روس کی وزارت خارجہ نے واضح کر دیا کہ عرب ملکوں اور اسرائیل کے درمیان معاہدے کو پائیدار امن سمجھنا غلطی ہوگی، فلسطین کا مسئلہ بدستور برقرار ہے۔

اسے حل کیے بغیرمشرق وسطیٰ میں امن کا قیام ممکن نہیں۔ روس نے مسئلہ فلسطین کو حل کرنے کے لئے مربوط کوششیں تیز کرنے پرزور دیا ہے۔