اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی تصدیق کردی

 
0
366

اسلام آباد 22 ستمبر 2020 (ٹی این ایس): اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی تصدیق کردی اور کہا اہم ملاقات کی خبر لیک ہوگئی ہے،تو اس کی تصدیق کرتا ہوں۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا آرمی چیف سےملاقات میں 15 پارلیمانی لیڈرزموجودتھے، ملاقات میں گلگت بلتستان کے معاملات پر گفتگو ہوئی ، اہم ملاقات کی خبر لیک ہوگئی ہے تو اس کی تصدیق کرتا ہوں۔

شہباز شریف نے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا آرمی چیف سے اے پی سی سے پہلے ملاقات ہوئی تھی، میں اس میٹنگ میں موجود تھا، میٹنگ کی خبر اگر پبلک ہو گئی ہے تو میں اس سے انکار نہیں کرتا۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے، میں اندر رہوں یا باہر اے پی سی کے فیصلوں پرعملدرآمد ہوگا۔

یاد رہے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی پارلیمانی رہنماؤں سے ملاقات ہوئی تھی ، ملاقات میں بلاول بھٹو،شہبازشریف ،شاہ محمود قریشی ، سراج الحق، اسعدالرحمان ، شیری رحمان،خواجہ آصف ،شیخ رشید ،اےاین پی رہنما شریک تھے۔