غداری کے مقدمات کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں: مولانا فضل الرحمان

 
0
244

اسلام آباد 07 اکتوبر 2020 (ٹی این ایس): مولانا فضل الرحمان نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کے نام سے ہمارا نیا الائنس بنا ہے اور اس وقت تمام اپوزیشن جماعتیں متحد ہیں، میرا موقف تھا کہ پہلے تنظیم سازی ہوتی، پھر حکمت عملی طے ہوتی پھر جلسوں کا اعلان ہوتا، تاہم پی ڈی ایم کی باگ ڈور ہمارے ہاتھ میں ہے، تمام فیصلے مشاورت سے ہوں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمیں نیب کے ذریعے اب ڈرایا جارہا ہے، نیب والے آئیں تو صحیح ہم تو گرفتاری دینے کیلئے تیار ہیں، نیب پشاور نے ہاتھ جوڑتے ہوئے کیس کو اسلام آباد بھیج دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ غداری کے مقدمات کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں، غدار وہ ہیں جنہوں نے دھاندلی کی ہے۔

مریم نواز شریف کے ساتھ نو رکنی وفد مولانا فضل الرحمان سے آج ملاقات کرے گا۔ ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور مولانا فضل الرحمان کی آج جاتی عمرہ میں ہونے والی ملاقات کیلئے نون لیگ نے ٹیم طے کرلی ہے، جس میں شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، خواجہ آصف، محمد زبیر، ایاز صادق، پرویز رشید، سعد رفیق، رانا ثناء اللہ اور مریم اورنگزیب شامل ہیں۔

ترجمان (ن) کے مطابق پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان رات 8 بجے رائے ونڈ پہنچیں گے، ان کے ہمراہ شاہ اویس نورانی، مولانا امجد خان، مفتی ابرار، ڈاکٹر عتیق رحمن، مولانا سیف اللہ اور مولانا یوسف پر مشتمل چھ رکنی وفد بھی رائے ونڈ آئے گا، نائب صدر نون لیگ مریم نواز پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ مولانا فضل الرحمان اور ان کے وفد کا استقبال کریں گی جب کہ مریم نواز ملاقات کی میزبانی بھی کریں گی۔