ہمیں بغاوت کے مقدمے میں گرفتار کریں یا پھر مقدمہ خارج کریں، محمد زبیر

 
0
245

اسلام آباد 07 اکتوبر 2020 (ٹی این ایس): سابق وزیر اعظم کے خلاف غداری کے مقدمے میں نواز شریف کے ترجمان محمد زبیر اور دیگر گرفتاری دینے تھانے پہنچ گئے تاہم تھانہ ایس ایچ او موجود نہیں تھے۔

تھانہ شاہدرہ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نواز شریف کے ترجمان محمد زبیر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم پر غداری کے الزامات عائد کیے گئے ہیں جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے ٹی وی شو میں بھی ہم پر الزامات لگائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم تھانہ ایس ایچ او کو قصور وار نہیں ٹھہرا رہے بلکہ وزیر اعظم ذمہ دار ہیں۔ ہم گرفتاری دینے کے لیے تیار ہیں اور گرفتاری سے نہیں ڈرتے لیکن تھانہ ایس ایچ او غائب ہو گیا ہے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ جس نے شخص نے غداری کا مقدمہ درج کرایا ہے اس کا تعلق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے نہیں بلکہ عمران خان نے غیر آئینی کام کیا ہے، نواز شریف نے 3 بار سلوٹ کر کے کہا تھا کہ فوج کے ہر جوان کو سلام پیش کرتے ہیں۔

اس موقع پر ن لیگی رہنما عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ مقدمہ کا مدعی گھر سے غائب ہے۔ مقدمے میں 43 لوگوں کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ فیصل واؤڈا لوگوں سے کہہ رہے ہیں میرا کیس واپس لے لیں لیکن ہم انصاف لینے آئے ہیں اور ہم مقابلہ کریں گے۔