وزیر اعظم کا سرکاری اداروں اور محکموں تک کمزور طبقہ کی رسائی مزید آسان بنانے کا حکم

 
0
230

اسلام آباد 08 اکتوبر 2020 (ٹی این ایس): وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چھوٹے اور درمیانے انٹرپرائز کے امور سے متعلق جائزہ لیا گیا۔

وزیر اعظم کو چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کے فروغ سے متعلق مجوزہ پالیسی پیش کی گئی جبکہ وزیر اعظم عمران خان کو مجوزہ پالیسی کے خدو خال پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور ملکی برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے جبکہ چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایس ایم ایز کو یکسر نظر انداز کیا جاتا رہا جس کی وجہ سے ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔ اب وفاقی محکمے اور صوبائی حکومتیں ایس ایم ای سیکٹر کے فروغ پر خصوصی توجہ دیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت ایس ایم ایز کے قواعدو ضوابط کو آسان بنانے کے لیے پرعزم ہے، کریڈٹ فراہمی، ٹیکس نظام کو سہل بنانے اور کاروبار میں سہولت کاری کے لیے بھی ہم پرعزم ہیں۔

دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے سرکاری اداروں اور محکموں تک کمزور طبقہ کی رسائی مزید آسان بنانے کا حکم دیا ہے۔

وزیر اعظم کے حکم کے تناظر میں ملک کا سب سے بڑا شکایات کا نظام مکمل فعال کر دیا گیا ہے۔ صوبوں میں سٹیزن پورٹل پر افسران کے 8 ہزار 864 ڈیش بورڈز کو ذمہ داری تفویض کر دی گئی ہے۔