وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت فیڈرل پبلک سروس کمیشن کا اجلاس، بھرتی کے عمل کا ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ موازنہ کرنے کا فیصلہ

 
0
439

اسلام آباد،دسمبر 05 (ٹی این ایس): منگل کے روز اسلام آباد میں سول سروس اصلاحات کے بارے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقابلے کے امتحانات میں کامیابی کی شرح کم ہونے کے اسباب کو دور کرنا ناگزیر ہے۔

اجلاس میں فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے گذشتہ تین سال کے نتائج کے اعداد و شمار کا تجزیہ کرنے اور بھرتی کے عمل کا ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ موازنہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

پیشہ وارانہ تربیت کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کو اپ گریڈ کر کے نیشنل ایڈمنسٹریشن کا درجہ دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تجویز پر عملدرآمد کے لئے قانون سازی کا عمل شروع کیا جائے۔

شاہد خاقان عباسی نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو بھی ہدایت کی کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد وفاقی حکومت کے اختیارات میں کمی کے تناظر میں وفاقی سول سروس پیشہ وارانہ گروپوں کی تعداد کم کرنے کی ضرورت کا جائزہ لیا جائے۔اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیاگیا کہ افسر شاہی کے لئے مراعات کے دوبارہ جائزے کے لئے مشاورتی عمل جاری رکھا جائے گا۔ منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر احسن اقبال نے مختلف تجاویز کے حوالے سے وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی جس کا مقصدسول سروس کو مزید فعال،پیشہ وارانہ اور جدید دور کے مسائل کا سامنا کرنے کے قابل بنانے کے لئے اس کے موجودہ ڈھانچے کی تشکیل نو کرنا ہے۔

ادھر پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے اسلام آباد میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی اور قومی معیشت میں ڈیری کے شعبے کے حصے اور اس شعبے میں موجود مواقع کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

وفد نے ملک بھر میں خوراک کا یکساں معیار رائج کرنے اور اس شعبے کی مزید ترقی کیلئے ٹیکسوں میں چھوٹ سمیت متعدد اقدامات کی سفارش کی۔

وزیراعظم نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت ان کی سفارشات پر غور کرے گی اور اس شعبے کی ترقی اور موجود مواقع سے استفادہ کرنے کیلئے تمام دستیاب سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

وزیراعظم نے ملک میں Milk بورڈز کے قیام کی تجویز پر غور کیلئے وزارت خوراک کے تحت تمام فریقوں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔