کراچی جولائی 23(ٹی این ایس):پاکستان کے پہلے وومن فٹ بال کلب (دیا وومن فٹ بال کلب ) نے اپنے ناروے اور چین کے دورے کی تیاریاں مکمل کرلیں ہیں۔ کلفٹن کے مقامی ہوٹل میں کلب کی نئی کٹ کی رونمائی اور کھلاڑیوں میں تقسیم کی تقریب منعقد کی گئی ۔ جس کے مہمان خصوصی ترکش تعاون و رابطہ ایجنسی (TiKA) کے Country Coordinator (مہمت امری اکتونا ) تھے ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دیا وومن فٹ بال کلب میں بے پناہ صلاحیت کی حامل کھلاڑی ہیں۔ ان کی ان صلاحیتو ں سے متاثر ہوکر ہم نے اس کلب سے تعاون اور ہر یقینی مدد کا ارادہ کیا۔ پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جسے صرف پالش اور تھوڑی سے توجہ دینی کی ضرورت ہے ۔ پاکستان اور ترکی برادر ملک ہے جوکہ ہر شعبے میں ایک دوسرے کی مدد کیلئے کوشاں ہیں۔ تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے دیا وومن فٹ بال کلب کی بانی و جنرل سیکریٹری سعدیہ شیخ نے کہا کہ ٹیم اس سے قبل سری لنکا اور ملائشیاء کا بھی کامیاب دورہ کرچکی ہیں اور انشاء اللہ اس دفعہ بھی سرخ خرو ہونے کیلئے پر عزم ہے۔ کلب23 رکنی وفد اور کھلاڑیوں سمیت رواں ماہ کے آخر میں ناروے جبکہ اگلے ماہ کے وسط میں چین کا دورہ کرے گا۔ جس میں ناروے میں Oslocup اور چین میں Gothiacup میں شرکت کرے گا جوکہ انڈر 13 ور انڈر 14 ٹیموں پر مشتمل ہوگا۔












