او جی ڈی سی ایل کے 23ویں سالانہ اجلاس عام میں شیئر ہولڈرز کیلئے 25فیصدنقد منافع کے اعلان کی منظوری

 
0
270

اسلام آباد 28 اکتوبر 2020 (ٹی این ایس): آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کا 23واں سالانہ اجلاس عام بدھ، 28اکتوبر2020کو میریٹ ہوٹل اسلام آباد میں منعقد کیا گیا۔اجلاس میں ممبران نے جون 2020کو ختم ہونے والے مالی سال کیلئے مالی تفصیلات کے علاوہ ڈائریکٹر ز اور آڈیٹرز کی رپورٹس کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں 25فیصد حتمی نقد منافع یعنی دو روپے پچاس پیسے فی عمومی حصص ملکیتی دس روپے کی بھی منظوری دی گئی۔مزید برآں میسرز KPMGتاثیر ہادی اینڈ کمپنی ،چارٹرڈ اکاﺅنٹینٹس اور میسرز اے ایف فرگوسن اینڈ کمپنی چارٹرڈ اکاﺅنٹینٹس کی مالی سال 2020-21کیلئے کمپنی کے آڈیٹرز کے طور پر تعیناتی کی گئی۔سالانہ اجلاس عام کی صدارت او جی ڈی سی ایل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ڈاکٹر قمر جاوید شریف نے کی جبکہ اجلاس میں بورڈ کے دیگر ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔چیئرمین نے گزشتہ مالی سال کے دوران حاصل ہونے والی کامیابیوں کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتا یا کہ ملک میں پھیلنے والی حالیہ کرونا وائرس کی وباءکے باوجود کمپنی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس وباءکے دوران کمپنی ایک واضح منصوبہ ترتیب دے کر اسے پروڈکشن اور آپریشنل کے شعبہ جات میں روبہ عمل میں لائی۔
چیئرمین نے منیجنگ ڈائریکٹر شاہد سلیم خان کی سربراہی میں کمپنی کی موجودہ انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا جن کی شبانہ محنت نے ایکسپلوریشن ،ڈرلنگ اور جاری منصوبوں کو بروقت مکمل کرتے ہوئے کمپنی کو نئی بلندیوں سے ہمکنار کیا۔چیئرمین نے بتایا کہ کمپنی نے اس عرصے کے دوران ایک طرف تو اپنی افرادی قوت اور آپریشنزکو محفوظ بنانے کیلئے کمپنی کے دائرہ کار میں ضروری تبدیلیاں کیں تو دوسری طرف طویل مدتی کاروباری تسلسل کو بھی یقینی بنایا ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال کے دوران کمپنی نے اپنے ایکسپلوریشن ،ڈویلپمنٹ اور پروڈکشن آپریشنز کے عزم کو برقرار رکھتے ہوئے ارض پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو بھی بہتر طور پر پورا کیا۔چیئرمین نے اجلاس میں بتا یا کہ گزشتہ سال کے دوران کمپنی کی جانب سے مجموعی طور پر سوئی سدرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ(ایس ایس جی پی ایل) اور سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ(ایس این جی پی ایل) کے نیٹ ورک میں شامل کی جانے والی تیل و گیس کی مجوعی پیداوار میں 1040بیرل کنڈنسیٹ (خام تیل) اور تقریباً 47ملین مکعب فٹ یومیہ( MMSCFD) گیس شامل ہے ۔اس کے علاوہ گزشتہ مالی سال کے دوران کمپنی نے پچیس کنویں کھودے جن کی مالی سال 2018-19کے دوران تعداد سولہ تھی۔اس سالانہ اجلاس میں او جی ڈی سی ایل کے بورڈ ممبران ،ایم ڈی/سی ای او او جی ڈی سی ایل کے علاوہ او جی ڈی سی ایل کے سینئر حکام کے ساتھ ساتھ شیئر ہولڈرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔