اپوزیشن اب ہوش کے ناخن لے اور عوام دشمنی کی مرتکب نہ ہو، وزیر اطلاعات

 
0
206

اسلام آباد 20 نومبر 2020 (ٹی این ایس): وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ کورونا وبا ایک عالمی حقیقت ہے یہ کسی ذہن کی اختراع نہیں۔ عدالتی فیصلہ بھی آ چکا، اپوزیشن اب ہوش کے ناخن لے اور عوام دشمنی کی مرتکب نہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کی صحت کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ خدانخواستہ اگر کورونا سے قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا تو اس کے ذمہ دار اپوزیشن رہنما اور جلسوں کے منتظمین ہوں گے۔

پاکستان میں کورونا کیسز میں تیزی آگئی ہے اور آج 130 روز بعد سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3لاکھ68 ہزار665 ہوگئی جبکہ7 ہزار 561 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

اپوزیشن کورونا وائرس کے باوجود ملک میں جلسے کر رہی ہے۔ کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کو مد نظر رکھتے ہوئے پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے پی ڈی ایم کو جلسے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔

ڈپٹی کمشنرمحمد علی اصغر کا کہنا ہے کہ پشاور میں کورونا میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ پشاورمیں کورونا کیسز کی شرح میں 13 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پشاور میں عوامی اجتماع کے باعث کورونا مزید پھیل سکتا ہے۔ کورونا پھیلنے کے خدشے کے باعث جلسے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

دوسری جانب پی ڈی ایم ملک بھر میں اپنے جلسے جاری رکھنے پر مصر ہے اوراپوزیشن رہنماؤں کا کہنا ہے کہ حکومت کی اجازت کے بغیر بھی جلسے جاری رہیں گے۔