شہباز شریف کی مشکلات میں مزید اضافہ، اہلیہ اشتہاری قرار

 
0
207

اسلام آباد 08 دسمبر 2020 (ٹی این ایس): آمدن سے زائداثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں احتساب عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی اہلیہ کو اشتہاری قرار دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں صدر مسلم لیگ اور ان کے اہل خانہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، احتساب عدالت کےجج جواد الحسن نے کیس کی سماعت کی، اس موقع پر اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو سخت سیکیورٹی میں عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔

آج ہونے والی سماعت کے موقع پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے وکیل امجد پرویزعدالت میں پیش نہ ہوئے، شہباز شریف کے جونیئر وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ امجد پرویز سپریم کورٹ میں مصروفیت کے باعث آج احتساب عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے، جس پر احتساب عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آپ پھر ملزم پرجرح کرلیں، اگر آج نہیں ہوگی تو جرح کا حق ختم کردیاجائےگا۔

دوران سماعت عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ہرگز نہیں چلےگا، آپ وکیل کو 12بجے تک لے آئیں، اس کے ساتھ ہی عدالت نے سماعت کچھ دیر کے لئے ملتوی کردی۔

سماعت کی دوبارہ آغاز پر بھی امجدپرویز احتساب عدالت کے روبرو پیش نہ ہوئے، جس پر عدالت نے شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے کیس کی سماعت بارہ دسمبر تک ملتوی کردی۔

کیس کی سماعت کے بعد شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو جیل حکام احتساب عدالت سے لے کر واپس روانہ ہوگئے، اس سے قبل شہباز شریف نے فون پر نصرت شہباز سے رابطہ کیا اور ان کی طبیعت دریافت کی۔